ٹی آر ایس کو ووٹ دراصل بی جے پی کی تا ئید، پی سی سی ترجمان ستیش مادیگا کا بیان
حیدرآباد ۔ 21۔ فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ستیش مادیگا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں کیونکہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ستیش مادیگا نے کہا کہ بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کے باوجود گزشتہ چار برسوں میں کے سی آر تلنگانہ کیلئے مرکز سے فنڈس حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ وہ ملک میں دوبارہ بی جے پی کے اقتدار کے لئے فیڈرل فرنٹ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا حلقہ ناگر کرنول کے ٹکٹ کیلئے درخواست داخل کی ہے، انہیں یقین ہے کہ ہائی کمان ٹکٹ الاٹ کرے گا۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ مقامی کیڈر نے غیر مقامی افراد کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی ہے اور ہائی کمان کارکنوں کے جذبات کا احترام کرے گا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ٹکٹ الاٹمنٹ میں نئے چہروں اور نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے شکست خوردہ افراد کو ٹکٹ دیئے جانے کی مخالفت کی اور کہا کہ سیاست میں ٹسٹ میچ کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ ریاست کی تقسیم کے وقت کئے گئے ایک بھی وعدہ کی تکمیل کرانے میں ناکام ہوگئے۔ ٹی آر ایس ارکان نے ریاست کے مفادات کے بجائے اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کو ترجیح دی ۔ ٹی آر ایس کو تلنگانہ کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کی صورت میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ ٹی آر ایس کو ووٹ دینے سے قومی سیاست میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں ٹی آر ایس عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔