کانگریس کی چیتنیہ بس یاترا سے ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی کا آغاز

کانگریس کے آپسی اختلافات سے فائدہ اٹھانے کے سی آر کا خواب چکنا چور : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین میں اتحاد پیدا ہوجانے سے چیف منسٹر کے سی آر کے پیٹ میں درد ہورہا ہے ۔ کانگریس کی پرجا چیتنیہ بس یاترا سے ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ ریاست میں کانگریس پارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت اس خوش فہمی میں تھی کہ کانگریس قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں سے فائدہ ٹی آر ایس کو ہوگا ۔ کانگریس کی پرجا چیتنیہ بس یاترا کامیاب ہونے اور کانگریس قائدین میں اتحاد پیدا ہوجانے کو چیف منسٹر کے سی آر ہضم نہیں کرپارہے ہیں ۔ ان کے پیٹ میں درد ہورہا ہے ۔ کانگریس کی بس یاترا ریاست میں 30 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرچکی ہے اور تمام جلسہ عام کامیاب ہوئے ہیں ۔ حکومت نے ان جلسوں کی انٹلی جنس ، پولیس ، بغیر وردی میں رہنے والے پولیس ملازمین سے رپورٹ منگوائی ہے ۔ کانگریس قائدین میں اتحاد کی مثبت رپورٹ موصول ہونے پر ٹی آر ایس حکومت کے پیروں تلے زمین کھسک گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کا خاندان بدعنوانیوں کے ذریعہ ریاست کے قدرتی وسائل کو لوٹ رہا ہے ۔ مائینگ اور ریت مافیا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی آمدنی حاصل کی جارہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کی تحریک کے دوران کے سی آر نے پانی ، تقررات اور فنڈز کو آندھرا والے لوٹ لینے کا الزام عائد کیا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی پانی آندھرا کو جارہا ہے ۔ ملازمتوں پر آندھرا والے موجود ہیں ۔ اور فنڈز کے سی آر کے ارکان خاندان میں پہونچ رہے ہیں ۔ کے سی آر نے نکسلائٹس کے ایجنڈے کو ٹی آر ایس کا ایجنڈہ قرار دیا تھا ۔ مگر نکسلائٹس جو چاہتے تھے اس پر کوئی کام نہیں کیا گیا ۔ کانگریس کے قائد نے دلتوں کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے اسمبلی حلقہ سرسلہ میں ریت کی لاریوں کی ٹکر سے دو دلت ہلاک ہوگئے ۔ دلتوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو لاریوں کو نذر آتش کردیا جس پر پولیس نے 8 دلت افراد پر پولیس اسٹیشن میں تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا ۔ ریونت ریڈی نے استفسار کیا کہ ریاست میں کانگریس کا ہر ورکر ایک ایک روپیہ جمع کرتے ہوئے دو نئے لاریاں خرید کر دیں گے بدلے میں کیا کے ٹی آر دو دلت افراد کی زندگی لوٹا سکتے ہیں ۔۔