پارٹی کو تلنگانہ حکومت کے کارناموں پر حسد ہورہی ہے :ناگیشور راؤ
حیدرآباد 8فبروری ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راو نے گذشتہ دن تلنگانہ کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام منظم کردہ پد یاترا و رہائی کے موقع پر قائدین کانگریس پارٹی کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام منظم کردہ پد یاترا بالکلیہ طور پر غیر ضروری تھی اس کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت کے انجام دیئے جانے والے بہتر و مثال کارناموں و اقدامات کو کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرپا رہی ہے ۔ آج یہاں تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ٹی ناگیشور راو نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ محض صدر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرارتی عہدے کو بچانے اور کانگریس پارٹی میں پائے جانے والے اندرونی انتشار کو دور کرکے پارٹی میں اتحاد پیدا کرنے کیلئے پدیاتر منظم کرلیں تو ہر گز ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو حدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹروں (کانگریس و تلگودیشم پارٹی) کی جانب سے اپنی من مانی طور پر سرکاری اراضیات فروخت کرتے تو آنکھ نہ رکھنے والے ان کانگریس قائدین کو نہ ہی بات کرنے اور نہ ہی پد یاترا کرنے کا اخلاقی حق ہی نہیں ہے ۔ وزیر عمارت و شوارع نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی پسماندگی کیلئے صرف اور صرف کانگریس پارٹی ہی مکمل ذمہ دار ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے وقار کو نقصان پہونچانے کیلئے بھی کانگریس پارٹی کو مورد الزام ٹہرایا ۔ مسٹر ناگیشور راو نے مزید کہا کہ مسٹر پی لکشمیا صدر تلنگانہ کانگریس پارٹی (جو سابق میں وزیر آبپاشی بھی تھے) کی وجہ سے ہی آج ریاست تلنگانہ میں پانی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور پولاورم پراجکٹ کے تحت زیر آب آنے والے منڈلوں کے مسئلہ پر احتجاج کرنے کے باوجود سابق کانگریس حکومت اور بالخصوص مسٹر جی لکشمیا نے کوئی توجہ ہی نہیں دی۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ محض چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو سے حسد رہنے کی وجہ سے ہی کانگریس قائدین چیف منسٹر کے خلاف غلط و بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔