کانگریس کی صدارت پر برقرار رہنے راہول گاندھی سے اپیل

لوک سبھا چنائو کی شکست دائمی نہیں، اتم کمار ریڈی، ہنمنت رائو اور محمد علی شبیر کی تقاریر
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے راہول گاندھی سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کی صدارت پر برقرار رہیں۔ ملک کے موجودہ حالات میں کانگریس کی قیادت صرف راہول گاندھی کرسکتے ہیں۔ گاندھی بھون میں پارٹی کے جنرل سکریٹری بی کشن نے راہول گاندھی کی تائید میں بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شربت پلاکر بھوک ہڑتال ختم کی۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی سے اپیل کی کہ وہ استعفے سے فوری دستبرداری اختیار کریں۔ پارٹی کی تنظیم جدید کے ذریعہ نوجوانوں کو مناسب نمائندگی دی جائے۔ سینئر قائد وی ہنمنت رائو نے کہا کہ 1977ء میں اندرا گاندھی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن تین سال کی مدت میں پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے لیے راہول گاندھی کو ذمہ داری قبول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پارٹی کی شکست کے کئی دیگر عوامل کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے منتخب کانگریس کے تین ارکان پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی تقسیم کے وقت کیئے گئے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ہنمنت رائو نے دکھ کا اظہار کیا کہ انہیں راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر ناتجربہ کار افراد راہول گاندھی کے اطراف مشیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ ایسے افراد کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی کو پارٹی صدر کے عہدے پر برقرار رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج سے پارٹی کیڈر کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ یہ شکست عارضی ہے اور مستقبل میں کانگریس پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ نریندر مودی نے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے 16 نشستوں پر کامیابی کا دعوی کیا تھا۔ ان کے حلیف اسد اویسی نے کے سی آر کو وزیراعظم کے عہدے تک پہنچادیا تھا لیکن عوام کا فیصلہ اس کے برخلاف آیا۔ 7 نشستوں پر ٹی آر ایس کو شکست ہوئی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے ایک کروڑ ہمدردوں کی جانب سے وہ راہول گاندھی سے اپیل کرتے ہیں کہ صدارت پر برقرار رہیں۔ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لیے راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے۔