کانگریس کی شکست ‘ پون کلیان کی مہم کا نتیجہ نہیں

تقسیم ریاست اور دیگر مسائل شکست کی وجہ : چرنجیوی کا ادعا

حیدرآباد 19 مئی ( این ایس ایس ) ایسے وقت میں جبکہ تلگودیشم ۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے تلگو اداکار پون کلیان سے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر اظہار تشکر کیا جا رہا ہے کانگریس لیڈر اور پون کلیان کے بھائی چرنجیوی نے کہا کہ کانگریس کی شکست پون کلیان کے اثر کا نتیجہ نہیں ہے ۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پر پون کلیان کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے ۔ پارٹی کو انتخابات میں بری شکست ہوئی ہے ۔ جب نامہ نگاروں نے سوال کیا کہ آیا پون کلیان کی سخت تنقیدوں کا کانگریس کے انتخابی امکانات پر کوئی اثر ہوا ہے چرنجیوی نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے ۔ دوسری جانب بی جے پی لیڈر نریندر مودی اور تلگودیشم لیڈر چندرا بابو نائیڈو نے پون کلیان کو فون کرتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران ان کی تائید کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی انتخابات میں اپنی شکست کی وجوہات تلاش کرنے میں مصروف ہے اور سینئر لیڈر انم رام نارائن ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی شکست متوقع تھی ۔ تاہم چرنجیوی نے پارٹی کی شکست کیلئے اپنے بھائی پون کلیان کے اثر کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ انتخابی مہم کے دوران پون کلیان نے این ڈی اے کی تائید ضرور کی تھی ۔ چرنجیوی نے کہا کہ ہم شہری اور دیہی علاقوں میں نچلی سطح سے پارٹی کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی شکست کی کئی وجوہات ہیں جن میں ریاست کی تقسیم اور ملک بھر کی صورتحال بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی انتخابی مہم بھی توقعات کے مطابق نہیں رہی جبکہ تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی نے بڑے پیمانے پر مہم چلاتے ہوئے عوام کو راغب کیا ہے ۔