کانگریس کی رکنیت سازی مہم، ارکان کے لئے انشورنس پر غور

پارٹی کو عوام سے قریب کرنے پر خصوصی توجہ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کی مساعی
حیدرآباد /16 دسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کانگریس کی رکنیت سازی قبول کرنے والے ارکان کو انشورنس فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے اور اقتدار کے حصول میں ناکامی کے بعد کانگریس پارٹی عوام سے قریب ہونے کے لئے مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہے، تاکہ عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جاسکے۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے گاندھی بھون میں اورینٹل انشورنس کمپنی کے نمائندوں کو طلب کرکے پارٹی کی رکنیت قبول کرنے والے ارکان کو انشورنس اسکیم فراہم کرنے کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر دگل کے علاوہ دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شخصی انشورنس اور گروپ انشورنس کے بارے میں غور کیا گیا۔ گروپ انشورنس میں فی رکن 15 تا 20 پریمیم اور شخصی انشورنس میں 60 تا 70 پریمیم ادا کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ تلگودیشم نے اپنے ارکان کو ایک سال کا انشورنس فراہم کیا ہے، جب کہ کانگریس پارٹی اپنے ہر رکن کو دو سال کا انشورنس فراہم کرنا چاہتی ہے۔ اس اجلاس میں صرف جائزہ لیا گیا، جب کہ آئندہ اجلاس میں قطعی فیصلہ کا امکان ہے۔ اس دوران صدر پردیش کانگریس نے ٹی آر ایس کے 6 ماہ کے دور حکومت کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اپنی کار کردگی کے محاسبہ کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا۔ انھوں نے ہائی کورٹ کی جانب سے طلبہ کی اسکالر شپس اسکیم پر کئے گئے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدلیہ کے ریمارکس، اپوزیشن جماعتوں کی تنقید اور رضاکارانہ تنظیموں کے احتجاج کے بغیر کوئی کام نہیں کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وظائف منسوخ کئے جا رہے ہیں اور راشن کارڈس کو ختم کیا جا رہا ہے، یعنی اقتدار حاصل ہونے کے بعد عملی اقدامات کی بجائے چیف منسٹر تلنگانہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 31 دسمبر تک کانگریس کی رکنیت سازی مہم جاری رہے گی، اضلاع کی کانگریس کمیٹیوں کے لئے نشانہ مقرر کرتے ہوئے تلنگانہ میں زیادہ سے زیادہ رکن بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔