آج یا کل محبوب نگر میں یاترا ممکن ، کسانوں کے مسائل پر مؤثر اقدامات
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس پارٹی مزید تین اضلاع تک اپنی ’’رعیتو بھروسہ یاترا‘‘ کو توسیع دینے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ جبکہ تلنگانہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کے خودکشی واقعات کے پیش نظر ان پریشان حال کسانوں میں نیا اعتماد و بھروسہ دلانے کے مقصد سے گزشتہ دنوں ضلع نظام آباد کے کاماریڈی سے ’’رعیتو بھروسہ یاترا‘‘ کا آغاز کیا تھا اور اس یاترا کی کامیابی و عوام کے مثبت ردعمل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ کانگریس پارٹی نے اپنی اس یاترا کو مزید تین اضلاع تک وسعت دینے پر غور کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے 20 اکٹوبر کے بعد شروع ہونے والے مجوزہ بجٹ اجلاس سے قبل تلنگانہ ریاست میں زرعی سرگرمیوں کیلئے اہمیت کے حامل اضلاع میں پارٹی یاترا منظم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس تجویز کے پیش نظر بہت جلد اضلاع نلگنڈہ و محبوب نگر میں یاترا منظم کرے گی اور اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالا لکشمیا اور تلنگانہ پردیش کانگریس کوآرڈی نیشن کمیٹی ارکان مذکورہ اضلاع کے کانگریس پارٹی قائدین کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں۔ اضلاع نلگنڈہ اور محبوب نگر میں مناسب بارش کے نہ ہونے کی وجہ سے پیدا شدہ خشک سالی جیسے حالات اور فصلوں کو ہوئے نقصانات کے پیش نظر یاترا کے ذریعہ کانگریس پارٹی قائدین کسانوں میں نیا بھروسہ و خود اعتمادی پیدا کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں گے۔ اسی دوران کانگریس پارٹی کے بعض قائدین نے بتایا کہ 13 یا 14 اکٹوبر کو پارٹی کی رعیتو بھروسہ یاترا کے محبوب نگر میں منظم کئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ کانگریس قائدین نے مزید کہاکہ ضلع محبوب نگر میں یاترا کے اختتام کے بعد ضلع نلگنڈہ اور پھر بعدازاں اضلاع میدک، کریم نگر وغیرہ میں کانگریس پارٹی اس کو جاری رکھے گی اور سب سے آخر میں یہ یاترا اضلاع عادل آباد اور ورنگل میں منظم کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ رعیتو بھروسہ یاترا کے پروگرام کو قطعیت دینے کے بعد تفصیلی شیڈول جاری کیا جائے گا اور رنگاریڈی اور کھمم اضلاع میں اس یاترا کے انعقاد کی فی الوقت کوئی توقع نہیں ہے۔