2 اکٹوبر کو اختتام کا پروگرام۔ آرسی کنٹیا کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 21 اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس کی چیتنیہ بس یاترا کا سپٹمبر کے پہلے ہفتہ سے آغاز ہوکر 2 اکٹوبر تک اختتام ہوگا۔ اختتامی تقریب میں سونیا گاندھی اور درمیان میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے شرکت کرنے کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا کی نگرانی میں کانگریس کے سینئر قائدین کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی، قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل)، ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی، سابق ارکان اسمبلی مہیشور ریڈی، دامودھر ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے بتایا کہ کانگریس کی چیتنیہ بس یاترا ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے بہ نسبت 40 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرچکی ہے۔ راہول گاندھی نے دو اسمبلی حلقوں کی بس یاترا مہم میں شرکت کی ہے۔ آج کے اجلاس میں سپٹمبر کے پہلے ہفتہ سے دوبارہ بس یاترا شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تواریخ کو قطعیت دینے کی سب کمیٹی کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ سب کمیٹی میں دیا ساگر، پونم پربھاکر، بلرام نائک، سمپت کمار، مہیشور ریڈی، دامودھر ریڈی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ایک دو دن میں اپنا اجلاس طلب کرتے ہوئے جن علاقوں میں بس یاترا منظم کی جارہی ہے وہاں کے مقامی قائدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پروگرام کو قطعیت دے گی۔ نارتھ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کو مدعو کرنے کی خواہش کررہے ہیں لہذا سونیا گاندھی سے اختتامی جلسہ میں شرکت کرنے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے آئندہ ماہ پھر ایک بار تلنگانہ کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انھیں بھی کسی ایک پروگرام میں شامل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔