گدوال ٹاون میں جلسہ عام۔ اتم کمار ریڈی اور دیگر خطاب کریں گے
حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی 4 اکٹوبر کو ضلع جوگولامبا گدوال سے اپنی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کرے گی۔ عالم پور چوراہا۔ شانتی نگر میں روڈ شوز کا اہتمام کیا جائے گا ، شام میں گدوال ٹاون کے راجیو چوک پر جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے عظیم اتحاد تشکیل دینے میں مصروف کانگریس پارٹی بھی اب پوری طرح انتخابی میدان میں اُتر چکی ہے۔ امیدواروں کے اعلان کا انتظار کئے بغیر پارٹی کی انتخابی مہم کا بگل بجانے کیلئے متحدہ ضلع محبوب نگر کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں 2014 کے عام انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد ایک طرف ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر اپنے 105 امیدواروں کا 6 ستمبر کو اعلان کرتے ہوئے انہیں عوام کے درمیان پہنچادیا ہے انہوں نے 3 اکٹوبر سے اپنے دورہ اضلاع کا آغاز کردیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے ضلع محبوب نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا تھا اور وہ دوبارہ 10 اکٹوبر کو کریم نگر میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ کانگریس پارٹی بھی انتخابی مہم میں کہاں پیچھے رہنے والی ہے 4 اکٹوبر کو متحدہ ضلع محبوب نگر سے جلسہ عام کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان روڈ شوز اور جلسہ عام میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹس پونم پربھاکر، ریونت ریڈی، اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا، تین اے آئی سی سی سکریٹریز انتخابی مہم کمیٹی کے صدر ملوبٹی وکرامارک، سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، وجئے شانتی، سینئر قائد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین شرکت کریں گے۔ کانگریس کے روڈ شوز اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔