کانگریس کیچڑ اچھالنے میںمصروف، ترقی پر بحث کی جرات نہیں

۔125 سال قدیم جماعت چھوٹی جماعتوں سے مفاہمت کیلئے مجبور، بھوپال میں ریالی سے وزیراعظم مودی کا خطاب

بھوپال ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے رافیل لڑاکا طیارہ معاملت پر عائد کئے جانے والے الزامات کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے آج کہا کہ حکومت کے خلاف کانگریس الزام تراشی اور کردار کشی میں ملوث ہورہی ہے کیونکہ وہ ترقی جیسے مسائل پر بحث کے بجائے وہ ایسا کرنے میں آسانی محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کے دوران کانگریس کا مذاق اُڑایا اور کہا کہ 125 سال قدیم جماعت اس حد تک گھٹ چکی ہے کہ اتحاد کیلئے چھوٹی جماعتوں سے ’بھیک مانگنے‘ پر مجبور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کو اتحادی مل بھی جائیں تو اس اتحاد کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکے گی۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت سب کیلئے سماجی انصاف پر یقین رکھتی ہے اور ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ مہم محض ایک نعرہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور آئندہ سال کے لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی فاتح کی حیثیت سے ابھرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’وہ (کانگریس) الزام تراشی میں ملوث ہورہے ہیں کیونکہ وہ اس میں اپنے لئے آسانی محسوس کرتے ہیں۔ وہ پہلے بھی الزام تراشیوں میں ملوث رہ چکے ہیں لیکن میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جتنا کیچڑ پھینکیں گے ، اتنے ہی کنول (بی جے پی کا امتیازی نشان) کھلیں گے ۔ مودی بظاہر رافیل لڑاکا طیارہ معاملت میں اپنے خلاف کانگریس کی طرف سے رشوت ستانی کے الزامات کا حوالہ دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کیچڑ اچھالنے میں ملوث ہونے کے بجائے ترقی جیسے مسائل پر بحث میں شامل ہوسکتی ہے لیکن وہ (کانگریس) اس کی جرات نہیں کرسکتی۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان بھی اس ریالی میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں شکست کے خوف سے اپوزیشن جماعتیں ’مہا گٹھ بندھن ‘ (عظیم اتحاد) بنارہی ہے۔ مودی نے کہا کہ ’’کانگریس آج ملک پر ایک بوجھ بن گئی ہے اور جمہوریت میں بی جے پی کارکنوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو اس سے بچائیں‘‘۔ فرانس کے سابق صدر فرینکوئی اولاند نے حال ہی میں یہ کہتے ہوئے وزیراعظم مودی کیلئے مصیبت میں اضافہ کردیا تھا کہ حکومت ہند میں رافیل معاملت میں فرانسیسی دفاعی ادارہ ڈیسالٹ ایویئشن کے ہندوستانی ساجھیدار کی حیثیت سے انیل امبانی ریلائنس گروپ کو شامل کیا جائے۔