نارائن ریڈی کا کے سی آر سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 28۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے کانگریس کے امیدوار جی نارائن ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ پانچ نشستوں پر متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نارائن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ایک امیدوار سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے ۔ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس کیلئے ایک نشست چھوڑدیں۔ اپوزیشن کو بھی سنہرے تلنگانہ کا حصہ بنانا چاہئے ۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ انہیں تلگو دیشم کے دونوں ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے ۔ جمہوریت نے اپوزیشن کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کانگریس کے بعض ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس سے ربط میں رہنے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایک نشست پر کامیابی کیلئے کانگریس کے پاس درکار تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کے سی آر کو بہتر حکمرانی کیلئے مکمل اکثریت عطا کی ہے ۔ واضح رہے کہ کونسل کی چار نشستوں کیلئے ٹی آر ایس نے محمد محمود علی ، ایس سبھاش ریڈی ، شریمتی ستیاوتی راتھوڑ اور وی ملیشم کو اپنا امیدوار بنایا ہے جبکہ پانچویں نشست اپنی حلیف جماعت مجلس کے لئے چھوڑدی جس نے ریاض الحسن آفندی کو امیدوار کے طور پر مقابلہ میں اتارا ہے۔