کانگریس کو 16 نشستوں پر کامیابی یقینی : ملوروی

عوام کے سی آر اور نریندر مودی سے ناراض، ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کی مدد
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ ملوروی نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج تلنگانہ میں چونکا دینے والے رہیں گے اور کانگریس 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملوروی نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر اور مرکز میں نریندر مودی حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں دونوں حکومتیں غیر جمہوری اور غیر دستوری انداز میں کام کرتی رہیں۔ نریندر مودی اور کے سی آر ڈکٹیٹر شپ کی طرح حکمرانی کرتے رہے۔ عوام نے دوبارہ جمہوری حکومتوں کو بحال کرنے کیلئے کانگریس کو برسراقتدار لانے اور راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس کے حق میں لہر دیکھی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں جہاں پہلے مرحلہ کی رائے دہی ہوئی عوام کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔ ملوروی نے کہا کہ نریندر مودی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ 16 میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ عوام نے خاموشی سے کے سی آر کی ڈکٹیٹر شپ کے خلاف اپنا فیصلہ دیا ہے۔ ملوروی جو حلقہ لوک سبھا ناگرکرنول سے مقابلہ کررہے ہیں دعویٰ کیا کہ وہ دیڑھ لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینے سے مرکز میں بی جے پی کو فائدہ ہوگا لہذا انہوں نے کانگریس کے حق میں رائے دہی کی ہے۔ ملوروی نے کہا کہ کانگریس کو تمام طبقات کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ برسراقتدار ٹی آر ایس انتخابی دھاندلیوں کو انجام دینے میں ناکام ثابت ہوئی جس کا سہرا عوام کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین لاکھ دعوے کرلیں لیکن نتائج کانگریس کے حق میں رہیں گے۔