پارٹی کیخلاف کام کرنے والے قائدین کی نشاندہی اور سخت تادیبی کارروائی کیلئے سدھاکر ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد 17 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے کانگریس میں رہ کر پارٹی کو نقصان پہونچانے اور دوسری پارٹی کی تائید کرنے والے قائدین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے کہاکہ کانگریس کو شکست دینا کسی بھی پارٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔ ہمیشہ پارٹی قائدین سے پارٹی کو نقصان پہونچا ہے۔ پارٹی سے غداری کرنے والے قائدین کو ہرگز معاف نہیں کرنا چاہئے۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی جانب سے مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولاورم بورڈ میں تلنگانہ کو رکنیت نہ دینے کی درخواست کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ چندرابابو نائیڈو کی جانب سے تلنگانہ سے ناانصافی کرنے کو کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرے گی۔ تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہونچانے پر کانگریس خاموش تماشائی نہیں رہے گی۔ اُنھوں نے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے قائدین کو اس پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنی پارٹی قیادت کے خلاف آواز بلند کرنے اور تلنگانہ سے اپنی وابستگی کا ثبوت دینے کا مشورہ دیا۔ مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے کہاکہ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ تاہم کانگریس کے قائدین عوام میں صحیح پیغام پہونچانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ تاہم کانگریس پارٹی کو عوام کا فیصلہ قبول ہے۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں اس کی عمل آوری کیلئے کانگریس جمہوری انداز میں ٹی آر ایس حکومت پر دباؤ بنائے گی۔ اچھے کاموں کی جہاں ستائش کرے گی وہیں عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔