کانگریس کو ووٹ دینے سے بی جے پی کو استحکام مل سکتا ہے

حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے وائی ایس آر کانگریس امیدوار سید ساجد علی کا ادعا

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مسلمانوں کے ووٹ کا کانگریس کے حق میں استعمال سکندرآباد حلقہ میں بی جے پی کو مستحکم کرسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے وائی ایس آر کانگریس امیدوار سید ساجد علی نے کیا ۔ بھاری اکثریت سے اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے سید ساجد علی نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ ایک سیکولر پارٹی سے وابستہ مسلم امیدوار یعنی ساجد علی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عام انتخابات ملک کے مستقبل کا ایک اہم حصہ ہیں اور اس موقع پر فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنا بے حد ضروری ہے ۔ انوارالعلوم کالج سے کامرس گریجویٹ سید ساجد علی پارٹی کے قیام ہی سے پارٹی سے وابستہ ہیں اور پارٹی کے کئی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں ۔ حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے انچارج کی حیثیت سے انہوں نے کافی سرگرمی سے پارٹی کے پرچم کو بلند کیا اور عوام میں اپنی خدمات سے مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس آر کے قریبی رفیقوں میں ان کا شمار ہوتا ہے جنہوں نے جگن موہن ریڈی کی جانب سے پارٹی قائم کرنے کے بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ وہ جب تک کانگریس سے وابستہ تھے ۔ گریٹر حیدرآباد کے اہم پوسٹوں کے علاوہ یوتھ کانگریس سے بھی وابستہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ووٹ کو بی جے پی کے نام پر خوف زدہ کرتے ہوئے کانگریس اس کا فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ لیکن مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے مستقبل کے قائد کو کسی سے خوف زدہ ہوئے بغیر منتخب کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیما آندھرائی اور عیسائی ووٹ کے علاوہ مسلمانوں کے ووٹ اگر ایک جگہ ہوجائیں تو سید ساجد علی کی جیت یقینی ہے ۔ سید ساجد علی نے کانگریس امیدوار انجن کمار یادو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انجن کمار نے ایوان میں 10 سال کے عرصہ کے دوران کبھی پارلیمنٹ میں اپنی نشست کا مائیک نہیں کھولا جب کہ سکندرآباد حلقہ میں بے پناہ مسائل پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر حلقہ کی ترقی کو یقینی بنایا جائے چونکہ ہر حلقہ کے اپنے الگ مسائل ہیں ۔ سید ساجد علی جو پیشہ سے تاجر ہیں کئی فلاحی کام انجام دئیے ہیں ۔ ڈاکٹر سید عثمان علی فاونڈیشن کے تحت غریب اور بیواؤں اور معذورین میں وظیفہ تقسیم کئے جاتے ہیں اور مفت آئی کیمپس و دیگر فلاحی کام انجام دینا ان کے خدمت خلق کا ایک حصہ ہے جو اب سیاسی طور پر ایسے افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سکندرآباد حلقہ میں رہنے والے ہر شہری کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مشیر آباد ، جوبلی ہلز ، خیریت آباد ، نامپلی ، عنبر پیٹ ، صنعت نگر ، سکندرآباد حلقوں میں پارٹی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بہترین عوامی ردعمل حاصل ہورہا ہے جو پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔۔