پارٹی کی یوم تاسیس تقریب ، صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ملک کو آزاد کرانے اور علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعزاز حاصل ہے ۔ آج گاندھی بھون میں کانگریس کے 133 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی پرچم کشائی کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) محمد علی شبیر ( کونسل ) سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین ، ترجمان سید نظام الدین سینئیر قائدین میں محمد سراج الدین ، سید یوسف ہاشمی ، سید شوکت رحمت علی صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا ۔ کانگریس کے کئی قائدین جیل گئے ملک کی آزادی کے بعد گاندھی خاندان نے ملک کی جمہوریت اور سیکولرازم کا تحفظ کرنے کے لیے اپنی جان کی بھی قربانی دی ہے ۔ بی جے پی کو مرکز میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے ۔ دلتوں اور قبائلی طبقات پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ عوام کے دستوری حقوق چھین لیے جارہے ہیں ۔ مرکزکی بی جے پی اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت سے عوام مطمئن نہیں ہیں ۔ دونوں حکومتوں کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ ملک کو آزادی دلانے والی کانگریس کی سابق صدر مسز سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے ۔ عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی ٹی آر ایس نے منشور سے کیے گئے وعدوں میں ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا ۔ نیرلہ اور ورنگل میں دلتوں اور قبائلی طبقات پر حملے کئے گئے ہیں ۔ ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کے لیے اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کل جماعتی وفد کے ساتھ دہلی پہونچکر وزیراعظم سے نمائندگی کریں ۔ انہوں نے ایم مادیگا کرشنا کو جیل میں رکھنے اور ان پر عائد کردہ مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے فوری اس سے دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ کانگریس پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے 2019 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔۔