جانا ریڈی کو تلنگانہ اور بوتسہ کو سیما آندھرا کانگریس کمیٹی صدر بنانے کی توقع
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے تلنگانہ اور سیما آندھرا کے کانگریس قائدین سے علحدہ علحدہ ملاقات کی ۔ جانا ریڈی کو تلنگانہ اور بوتسہ ستیہ نارائنا کو سیما آندھرا پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدور بنانے کا قوی امکان ہے ۔ علاقہ تلنگانہ سے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کانگریس کے سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس کے علاوہ مسٹر پی لکشمیا ، مسٹر اتم کمار ریڈی ، مسٹر سریش ریڈی ، مسٹر ملو روی ، مسٹر بٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے قائدین نے ملاقات کی ۔ سیما آندھرا سے سابق وزراء مسٹر کے مرلی ، مسٹر ڈی مانکیا ورا پرساد مسٹر کے لکشمیا کے علاوہ دوسرے قائدین نے ملاقات کی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راہول گاندھی نے دونوں علاقوں میں پارٹی کے استحکام کے لیے قائدین کو سخت محنت کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بعد ازاں دونوں علاقوں کے کانگریس قائدین نے ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے صدر پردیش کانگریس کمیٹی خواہ کسی کو بنایا جائے ، ان کی مکمل تائید کرنے اور تعاون کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں علاقوں سے کئی قائدین دعویدار ہے تاہم علاقہ تلنگانہ سے مسٹر کے جانا ریڈی اور سیما آندھرا کے لیے مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کے نام کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ جس کا ایک دو دن میں سرکاری طور پر اعلان ہونے کا امکان ہے ۔ تاہم بوستہ ستیہ نارائنا انہیں پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت پر برقرار رکھتے ہوئے دونوں علاقوں کے لیے دو علحدہ علحدہ کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دینے پر زور دے رہے ہیں اور اس تجویز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ دوسرے دعویداروں کو الیکشن کمیٹی منشور کمیٹی کے علاوہ دوسری کمیٹیوں میں نمائندگی دی جاسکتی ہے ۔۔