کانگریس کو ذلت آمیز شکست ہوگی: کے ایس راؤ

حیدرآباد /4 مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ایلور کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر ٹیکسٹائل کے ایس راؤ نے کہا کہ کانگریس کو ذلت آمیز شکست کا سامنا ہوگا۔ انھوں نے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اپنی پارٹی کے کانگریس میں انضمام سے انکار کے بعد پارٹی قیادت پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی پارٹی قیادت سے کہہ چکے تھے کہ کے سی آر بھروسے کے قائد نہیں ہیں، لہذا وہ ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم نہیں کریں گے، لیکن ہائی کمان نے ہماری ایک نہیں سنی، بلکہ کے سی آر اور جگن پر بھروسہ کرتے ہوئے سیما۔ آندھرا میں کانگریس کا دیوالیہ نکال دیا۔ انھوں نے کہا کہ 2014ء کے عام انتخابات میں سیما۔ آندھرا میں کانگریس کا صفایا ہو جائے گا اور انتخابی نتائج اس کے لئے نقصاندہ ثابت ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ وہ عام انتخابات میں کس پارٹی سے مقابلہ کریں گے؟ اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرسکیں گے۔ انھوں نے ریاست کی تقسیم کے لئے کانگریس اور بی جے پی کو برابر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بل پیش کیا، جب کہ بی جے پی نے اس کی تائید کی۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کے لئے ریاست تقسیم کردی گئی، جو ملک، ریاست اور کانگریس پارٹی کے لئے درست نہیں ہے۔