حیدرآباد29 جنوری ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر شنکر راو نے کانگریس کو اپنی ہی پارٹی قائدین سے نقصان پہونچنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے۔ آج ڈاکٹر شنکر راونے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو جو نقصان پہونچا ہے اس کے لئے خود کانگریس کے قائدین ذمہ دار ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہیکہ پارٹی کو نقصان پہونچانے والے قائدین ہی آج پارٹی کی اہم ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیںاور جب تک انہیںپارٹی سے معطل نہیں کیا جاتا تب تک کانگریسکا مستحکم ہونا ممکن نہیں ہے۔ انہیں جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے وزارت سے ہر طرف کردیاگیا جس کا انہیں بے حد صدمہ ہے وہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر سے اپیل کرتے ہیں ان کے علاوہ جتنے بھی کانگریس کے وزراء پر الزامات عائد ہوئے تھے ان کی اعلی سطحی تحقیقات کرائی جائے جس سے حقائق منظر عام پر آئیں گے۔ ڈاکٹر شنکر راو نے کہا کہ بد عنوانیوں کی بھرمار کی وجہ سے مرکزمیں کانگریس زوال سے دوچار ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پارٹی کو نقصان پہنچانے والے قائدین کو ذمہ داریوں سے ہٹایا نہیں جاتا تب تک عوام پر کانگریس کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔