کانگریس کو حصول اقتدار پر کے سی آر کے خلاف تحقیقات

جائیداد کی تحقیقات پر سی بی آئی عدالت کے فیصلہ کا خیر مقدم : ڈی ناگیندر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ کانگریس اقتدار پر آنے کے بعد سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے معمول وصول کئے گئے واقعات پر تحقیقات کرائی جائے گی ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ مسٹر ڈی ناگیندر نے سی بی آئی عدالت کی جانب سے صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جائیداد کی تحقیقات کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان پر بیجا دولت جمع کرنے اور ڈرا دھمکاکر دولت بٹورنے کے کئی الزامات عائد ہوئے ہیں کانگریس پارٹی علحدہ تلنگانہ ریاست میں پہلی حکومت تشکیل دے گی جس کے بعد ان کی جانب سے جو معمول وصول کیا گیا ہے اس کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ یونیورسٹی طلبہ کے احتجاج اور قربانیوں کا جائزہ لینے کے بعد کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ تلنگانہ جذبہ کا استحصال کرتے ہوئے سربراہ ٹی آر ایس کے ارکان خاندان کروڑہا روپئے لوٹ لینے کی شکایت وصول ہوئی ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس تلنگانہ کو اپنے ارکان خاندان کی جائیداد تصور کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام علحدہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کو ہی بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے انتخابات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کسی سے مقابلہ نہیں ہے بحیثیت ریاستی وزیر انہوں نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی ترقی کے لیے بے شمار کام کئے ہیں ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے اقدامات ان کی کامیابی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے ہر ڈیویژن کے مسائل کو حل کئے ہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کئے گئے ۔ مزید بہت کام کرنا باقی ہے ۔ تلگو دیشم اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہے اگر بی جے پی فرقہ پرست ہے تو تلگو دیشم موقع پرست ہے ۔ دونوں جماعتوں کو اپنے شخصی مفادات عزیز ہیں ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی ہی شہر حیدرآباد اور علاقہ تلنگانہ کو ترقی دے سکتی ہے ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے جو بھی مسائل ہیں وہ بہت جلد دور ہوجائیں گے ۔۔