واٹر گرڈ پراجیکٹ پر کانگریس قائدین کے ریمارکس پر کے ٹی آر کا اظہارِ حیرت
حیدرآباد۔ 5 اپریل (این ایس ایس) وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے آج تنقید کی کہ کانگریس قائدین فلیگ شپ واٹر گرڈ پراجیکٹ کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت پر چیخ و پکار کررہے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ ریاست میں وہ اپنا وجود کھو دیں گے۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین سیاسی فائدہ کیلئے بیکار کی چیخ و پکار کررہے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، واٹر گرڈ یا شروع کئے گئے دیگر کسی پراجیکٹ کی تکمیل تک خاموش نہیں رہیں گے، کانگریس قائدین بے صبری کا مظاہرہ کررہے ہیں اور کیچڑ اچھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے جانا ریڈی اور اُتم کمار ریڈی سے پوچھا کہ واٹر گرڈ پراجیکٹ کو کیوں شروع نہیں کیا جانا چاہئے اگر اس کے لئے صرف 10 ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت ہو۔ انہوں نے کانگریس قائدین کے ان ریمارکس پر حیرت کا اظہار کیا کہ واٹر گرڈ ٹنڈرس میں ہزاروں کروڑ روپئے کے ہیراپھیری ہوئی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے احمقانہ ریمارکس کس طرح کرسکتے ہیں جبکہ اس پراجیکٹ کے لئے صرف 1500 کروڑ روپئے کیلئے یونیورسل ٹنڈرس طلب کئے گئے‘‘۔ کے ٹی آر نے یہ جاننا چاہا کہ جانا ریڈی اور اتم کمار ریڈی نے جو سابق کرن کمار ریڈی حکومت میں وزراء تھے ، انہیں پینے کے پانی کے پراجیکٹس اور دیگر فلاحی اسکیموں میں فنڈس کی اجرائی کیلئے آمادہ کرنے میں کیوں ناکام ہوگئے تھے۔ جانا ریڈی وزیر پنچایت راج ہونے کے باوجود ان کے ہوم ڈسٹرکٹ میں فلورائیڈ مسئلہ کو ختم کرنے اور عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے سلسلے میں انہوں نے کچھ نہیں کیا۔