سونیا گاندھی پاگل ۔ عوام تقسیم ریاست کے فیصلے سے سخت ناراض ۔ جے سی دیواکر ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سابق ریاستی وزیر کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار سونپنا پاگل سونیا گاندھی کے ہاتھ میں پتھر تھما دینے کے مماثل ہوگیا وہ جہاں بھی پتھر پھینکیں گی وہی سیما آندھرا کا نیا دارالحکومت قائم ہوگا جے سی برادرس کی تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت کے لیے تقریبا راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ آج پھر ایک مرتبہ کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام نے دو مرتبہ کانگریس پارٹی کو اقتدار سونپا ہے ۔ کانگریس کو اقتدار حوالے کرنا پاگل سونیا گاندھی کے ہاتھ میں پتھر تھما دینے کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے معاملے میں سیما آندھرا والوں کی ایک نہیں سنی گئی من مانی یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کردیا گیا ہے ۔ جس سے تلگو عوام کانگریس پارٹی سے سخت ناراض ہے اور عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔
انہوں نے سیما آندھرا کے عوام سے نئے دارالحکومت کے لیے آپس میں نہ الجھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی راجدھانی وہیں قائم ہوگی جہاں سونیا گاندھی چاہے گی انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے لیے ایسی جگہ راجدھانی بنائی جائے کہ کسی بھی علاقے سے صرف 4 گھنٹے میں نئی راجدھانی کو پہونچ سکے ۔ انہوں نے کرن کمار ریڈی کی جانب سے استعفیٰ دینے کے بعد نئے چیف منسٹر کے لیے دہلی میں جاری سرگرمیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف 3 ماہ کے لیے چیف منسٹر بننے کے لیے کانگریس قائدین ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں وہ بحیثیت چیف منسٹر ایک فائل پر دستخط کرنے کے لیے بے چین ہیں کرن کمار ریڈی نے بحیثیت چیف منسٹر بہترین خدمات انجام دی ہے ۔ مسٹر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ کرن کمار ریڈی متحدہ آندھرا کی تحریک میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ان کے لیے عوامی ہمدردی ہے مگر یہ ووٹ میں تقسیم ہوگی یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔