کانگریس کرناٹک سے 2019 تک ہر الیکشن جیتے گی : راہول گاندھی

مودی کی تقاریر میں عوام کو سچائی نظر نہیں آتی ۔ اہم مسائل پر وزیر اعظم خاموش ’ جن آکروش ‘ریلی سے صدر کانگریس کا خطاب

نئی دہلی ۔29اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے 2019 عام انتخابات کا ’بگل ‘ بجاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی مسلسل رشوت ‘ خواتین کے تحفظ ‘ بینک قرض میں دھوکہ دہی اور بیرونی اسلحہ معاہدہ سے متعلق پوچھے گئے سوالات اور مسائل پر خاموش ہیں ۔ نئی دہلی کے رام لیلا میدان پر منعقدہ ’’ جن آکروش‘‘ ریالی کے دوران راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے بشمول کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے خطاب کیا ۔ یہ ریالی راہول گاندھی کے صدر کانگریس بننے کے بعد پہلی مرتبہ دہلی میں منعقد ہوئی ہے ۔ کانگریس نے بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے کیلئے ریالی کا انعقاد عمل میں لایا ۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات سے صرف چند ہفتہ قبل اس ریالی کو منعقد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے اس یقین کا اظہارکیا کہ اب ان کی پارٹی یہاں سے ہر الیکشن جیتے گی اور 2019ء کے عام انتخابات میں بھی فاتح بن کر ابھرے گی ۔ 2014ء کے انتخابات کیلئے مہم چلانے کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں وزیراعظم مودی کی ناکامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ جب مودی تقریر کرتے ہیں تو عوام ان کی تقریروں میں سچائی کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن عوام کو سچائی کہیں نظر نہیں آتی ۔ وزیر برقی پیوش گوئل کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر برقی نے اپنی کمیٹیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے مشتبہ تجارتی معاہدے کئے اور وزیراعظم مودی نے اس طرح کی دھاندلیوں پر ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ مودی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران بھی ڈوکلم مسئلہ پر بات چیت نہیں کی اور اس بارے میں بھی ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ ہماری ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ یہ ہے کہ سپریم کورٹ ججس کو انصاف کیلئے عوام سے رجوع ہونا پڑ رہا ہے ۔ بی جے پی ‘ آر ایس ایس کی جوڑی نے نفت پھیلایا ہے اور عوام میں خوف و ہراساں کا ماحول پیدا کیا ہے ۔ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) کی چیئر پرسن اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے آج مرکزی حکومت پر انتخابات کے پیش نظر سماج کو بانٹنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ جو لوگ ہماری گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے ۔ اس کے پیش نظر ہم وطنوں کو متحد ہونے اور محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو سرکاری اداروں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔محترمہ سونیا گاندھی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی قیادت میں ملک کو بچانے کے لئے لوگوں سے عزم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو منصفانہ اور مضبوط آئینی اداروں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے ریلی میں آنے والے لوگوں کی طرف سے کی جا رہی نعرے بازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو غصہ یہاں دکھائی دے رہا ہے وہ ملک کے ہر کونے میں نظر آ رہا ہے ۔