کانگریس کا 7 اگست کو چلو ملنا ساگر پروگرام

وزیر اعظم مودی کو متاثرین کے مسائل سے واقف کروانے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ملنا ساگر متاثرین کے مسائل سے وزیراعظم نریندر مودی کو واقف کرانے کے لیے 7 اگست کو چلو ملنا ساگر پروگرام منظم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی صدارت میں عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا ہے ۔ جس میں ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملو بٹی وکرامارک قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر جی نارائن ریڈی کے علاوہ نائب صدور اور جنرل سکریٹریز نے شرکت کی ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ اجلاس میں ملنا ساگر کے متاثرین کے مسائل کو وزیر اعظم نریندر مودی تک پہونچانے کے لیے ضلع میدک کانگریس قائدین کی جانب سے 7 اگست کو چلو ملنا ساگر پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی ناسازی صحت کے باعث گذشتہ ماہ ملتوی کیے گئے پروگرامس کو جاریہ ماہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بہت جلد عادل آباد ، کریم نگر میں کسانوں کے مسائل پر احتجاجی پروگرامس منظم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ مسٹر ملو روی نے کہا کہ ضلع محبوب نگر کے کلواکرتی ، نیٹم پاڈو ، بھیما ، کوئل ساگر ، ضلع کھمم کے دوموگوڑم ، اندرا ساگر ، راجیو ساگر پراجکٹس کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ متعلقہ اضلاع کے کاگنریس قائدین کے ساتھ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین ان پراجکٹس کا دورہ کریں گے اور پراجکٹس کی حقائق سے عوام کو واقف کرائیں گے ۔ ساتھ ہی تلنگانہ کے تمام انچارج نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 9 اگست تک اپنے اپنے اضلاع میں منڈل کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے اس کی رپورٹ گاندھی بھون کو پیش کردیں ۔ ایمسیٹ پرچوں کے افشاء پر متعلقہ دونوں وزراء کو برطرف کرتے ہوئے اس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔۔