کانگریس کا 12 فیصد تحفظات پر رمضان کیلنڈر

ملوبٹی وکرامارک اور محمد خواجہ فخر الدین کے ہاتھوں رسم اجراء
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کی جانب سے 12 فیصد مسلم تحفظات کے مطالبہ پر تیار کردہ رمضان کیلنڈر کا گاندھی بھون میں ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے رسم اجرائی انجام دی ۔ واضح رہے کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے 10 لاکھ دستخطوں کی مہم کامیابی سے چلانے کے بعد 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک میں مزید شدت پیدا کرنے اور حکومت پر وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا دباؤ ڈالنے کے لیے مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے ماہ رمضان کے پیش نظر انوکھی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ ماہ رمضان کے سحر و افطار سے متعلق کیلنڈر کے علاوہ مختلف سائز کے پاکٹ کیلنڈر وغیرہ تیار کرتے ہوئے12  فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس کیلنڈر کے ذریعہ عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ اپنی عبادتوں کے دوران 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے دعا کریں ۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے اسٹیٹ قائدین اور اضلاع صدور کی موجودگی میں اس رمضان کیلنڈر کی رسم اجرائی انجام دی ۔ اس موقع پر مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اقتدار حاصل ہونے کے اندرون 4 ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا مگر 2 سال کی تکمیل کے باوجود اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔

 

12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے ۔ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ اپنے مسائل کو حکومت سے رجوع کرنا اور حق تلفی کے خلاف آواز اٹھانا زندہ قوموں کی نشانی ہے ۔ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ 12 فیصد مسلم تحفظات کی شہر اور اضلاع میں تحریک چلاتے ہوئے حکومت کو 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے پوری طرح جھنجھوڑ رہی ہے ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے مختلف طریقوں سے 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک چلاتے ہوئے وعدے کی عمل آوری کے لیے جمہوری انداز میں حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ۔ اس رمضان کیلنڈر اور پاکٹ کیلنڈر کو گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بڑے پیمانے پر تقسیم کیا جائے گا اور کانگریس پارٹی کی جانب سے ماہ رمضان میں بھی 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک چلائی جائے گی ۔ دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا اور ساتھ ہی 4 فیصد مسلم تحفظات جو سپریم کورٹ کے دستوری بنچ پر زیر دوران ہے اس کی برقراری کے لیے بھی دعائیں کرنے کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔۔