کانگریس کا یوم تاسیس، زبردست تقاریب کی تیاری

۔28 ڈسمبر کو گاندھی بھون کے علاوہ تمام اسمبلی حلقوں میں پروگرام ہونگے

حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے 28 ڈسمبر کو کانگریس کی 133 سالہ یوم تاسیس تقریب ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا کانگریس کیڈر کو مشورہ دیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ 28 ڈسمبر 1885 ء کو کانگریس پارٹی تشکیل دی گئی تھی۔ 132 کانگریس پارٹی نے جہاں جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا وہیں آزاد ہندوستان کو سیکولر اور جمہوری بنانے میں کئی قربانیاں پیش کی ہیں۔ ملک کی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ آج ملک کی جو بھی ترقی ہے وہ کانگریس کی مرہون منت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے 28 ڈسمبر کو صبح 10.30 بجے ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے ہیڈ کوارٹرس پر پارٹی پرچم لہراتے ہوئے اجلاس منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی گاندھی بھون میں بہت بڑا اجلاس طلب کرے گی جس میں تمام قائدین کو شرکت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے 28 ڈسمبر کو کانگریس سیوا دل کے بھی 94 واں یوم تاسیس بھی بڑی دھوم سے منانے کا اعلان کیا۔ اس سلسلہ میں سیوا دل کے قائدین کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی 28 ڈسمبر کو 10 ویں برسی ہے۔ پارٹی کی جانب سے انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ پی جے آر کے فرزند سابق رکن اسمبلی وشنووردھن ریڈی نے بتایا کہ 28 ڈسمبر کو نیکلس روڈ پر غریب عوام کو کھانا کھلانے کے پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔