کانگریس کا شمس آباد ایرپورٹ پر احتجاج ، چندرا بابو اور کے سی آر پر تنقیدیں

راستہ روکو پر قائدین گرفتار ، سروے ستیہ نارائنا کا خطاب
شمس آباد ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کے ڈومیسٹک ٹرمینل کو این ٹی آر سے موسوم کرنے پر کانگریس پارٹی نے شمس آباد میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا اور راستہ روکو کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگائے ۔ احتجاجیوں کو گرفتار کر کے شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کی عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے بی جے پی کو استعمال کرتے ہوئے ڈومیسٹک ایرپورٹ کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو آندھرا میں ایرپورٹس تعمیر کرنے والے ہیں ان میں سے کسی ایک ایرپورٹ کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرے تلنگانہ میں آندھرا قائد کے نام کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہے ہیں وہ صرف اعلانات کررہے ہیں ۔ واجپائی کی حکومت میں تین نئی چھوٹی ریاستوں کا قیام عمل میں آیا ۔ اگر اسی وقت تلنگانہ کو علحدہ کیا جاتا تو بہتر تھا ۔ محترمہ سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کو قائم کیا لیکن کے چندر شیکھر راؤ اس کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تحریک میں کئی طلباء نے اپنی جان کی قربانی دی ۔ لیکن ان کا کبھی ذکر نہیں کیا جاتا ۔ اسمبلی میں چیف منسٹر اور ان کا بیٹا اور داماد کو ہی بولنے کی اجازت ہوتی ہے ۔ کے سی آر کانگریس سے خوف زدہ ہوگئے ہیں اور بہت جلد ریاست سے تلگو دیشم کا صفایا ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی صرف بیرونی ممالک کے دورے اور صرف اور صرف اپنے نام کی تشہیر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’ اچھے دن آئیں گے ‘ لیکن اچھے دن صرف بی جے پی کے آئے ہیں اور دوسروں کے برے دن شروع ہوگئے ۔ سروے ستیہ نارائنا نے کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چلر حرکتوں کے ذریعہ اپنے وقار کو خراب کررہے ہیں ۔ مسز سبیتا اندرا ریڈی سابق ہوم منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہوگا جب تک این ٹی آر نام کو ڈومیسٹک ایرپورٹ سے ہٹا دیا نہیں جاتا کانگریس احتجاج کرتی رہے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو آندھرا میں پانچ ایرپورٹس تعمیر کروانے والے ہیں ان میں سے کسی ایک ایرپورٹ کو این ٹی آر کا نام دینا چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو اپنی گندی سیاست سے عوام کے دلوں کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں ۔ اس موقع پر پرساد کمار سابق وزیر ، بنڈارو لکشما ریڈی ، رام موہن ریڈی ، پرگی رکن اسمبلی ، کارتک ریڈی اندرا ریڈی میموریل ٹرسٹ چیرمین ، کاماملیش ڈی سی سی صدر ، سدا لکشمی مہیلا صدر ، ڈاکٹر نواب ممتاز ، راجا ملا سدیشور شمس آباد سرپنچ نے مخاطب کیا ۔۔