کانگریس کا رویہ ، تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ

حکومت پر تنقیدیں مسترد، ریاستی وزیر ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔  نومبر  (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کا رویہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے اور عوام اس کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملنا ساگر پراجکٹ کی تعمیر روکنے کیلئے بعض کسانوں سے دستخطیں حاصل کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی اس سازش کو تمام ثبوتوں کے ساتھ عوام میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ حتیٰ کہ ایک ضلع میں ایک ایکر اراضی بھی زائد سیراب نہیں کی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جس حکومت نے کسانوں اور زرعی شعبہ کو نظر انداز کیا تھا ، اس پارٹی کے قائدین کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نام پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے کانگریس قائدین عوامی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سیزن میں کسانوں کو موثر برقی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مقررہ مدت میں تمام آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل حکومت کا منصوبہ ہے اور کوئی بھی طاقت پراجکٹس کی تعمیر کو روک نہیں پائے گی۔ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ اسکیمات کا آغاز کیا ہے جس کی ملک کی دیگر ریاستوں میں ستائش کی جارہی ہے ۔