حیدرآباد /29 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ کانگریس کا دباؤ بے فیض ثابت ہوا، کیونکہ ایک باغی امیدوار راجیہ سبھا کے انتخابی مقابلہ کے لئے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ریٹرننگ آفیسر پر دباؤ ڈالنے اور باغی امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی کو مسترد کرانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی، تاہم آفیسر نے کوئی دباؤ قبول کئے بغیر قاعدہ کے مطابق دونوں باغی امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی کو درست قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ چیتنیا راجو اور اے پربھاکر دونوں متحدہ آندھرا کے حامی ہیں، لہذا دونوں میں سے کوئی ایک انتخابی میدان میں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں باغی امیدواروں کی تائید کرنے والے ارکان اسمبلی کو چند وزراء اور ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے چیمبر میں بند کر رکھا تھا، اس کے باوجود ریٹرننگ آفیسر نے درست فیصلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا کے جذبہ سے مرکز کو واقف کرانے کے لئے باغی امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں، لہذا متحدہ آندھرا کی تائید کرنے والے ارکان اسمبلی کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان کی تائید کرنا چاہئے۔ انھوں نے کانگریس قائدین کا دباؤ قبول نہ کرنے والے باغی امیدواروں کی ستائش کی۔