کانگریس کارکنوں سے ’بھارت بند‘ تشدد سے پاک بنانے کی اپیل

نئی دہلی ۔ 9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن کانگریس نے جو پیر کے دن ملک گیر سطح کے بند کی نوٹس دے چکی ہے ‘ کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور روپیہ کی قدر انحطاط پذیر ہے ‘ آج اپنے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس موقع پر امن برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کے پُرتشدد احتجاج میں ملوث نہ ہوں ۔ کانگریس نے اپنی حلیف 21اپوزیشن پارٹیوں سے بھی جو بھارت بند کی تائید کررہی ہیں کہا کہ وہ اپنے کارکنوں کو تشدد میںملوث نہ ہونے کی ہدایت دیں ۔ کانگریس نے چیمبر آف کامرس اور تاجروں کی کئی اسوسی ایشنوں سے بھی یہی اپیل کی ۔ بی جے پی حکومت کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کا ذمہ دارقرار دیتے ہوئے اجئے ماکن نے الزام عائد کیا کہ حکومت اکسائز ڈیوٹی میں مسلسل اضافہ کررہی ہے جس کے نتیجہ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔