ذات پات اور مذہب پر بھی انحصار ، سدارامیا حکومت کرپشن میں ملوث :مودی
وجئے پورہ ۔ 8 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس کو پھوٹ ڈالو اور حکمرانی کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا مورد الزام ٹھہرایا اور دعویٰ کیا کہ اس پارٹی کو کرناٹک سے اسمبلی چناؤ میں نکال پھینکا جائے گا ۔ مودی نے مبینہ کرپشن پر سدّارامیا حکومت پر سخت نکتہ چینی میں کہا کہ ایسا کوئی وزیر نہیں جسے مالی غلط کاری کے الزامات کا سامنا نہیں ۔ وہ ضلع بیجاپور میں انتخابی ریالی سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس انتشار کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور ذات پات و مذہب کی اساس پر سماج کو تقسیم کرتی ہے ۔ وہ بھائی سے بھائی کو لڑاتی ہے لیکن بسویشورا کی اس سرزمین کے لوگ اب ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ مودی نے بارہویں صدی کے مصلح و مدبر بسویشورا کا باربار ذکر کیا ، جن کی لنگایت برادری پوجا کرتی ہے ۔ وہ ظاہر طورپر تعداد کے اعتبار سے طاقتور اور بااثر برادری کا دل جیتنے کی کوشش کررہے تھے ۔ ریاست کی برسراقتدار کانگریس نے لنگایتوں کو مذہبی اقلیت کا درجہ دینے کی سفارش کی ہے ۔ یہ لوگ روایتی طورپر بی جے پی کیلئے ووٹ دیتے آئے ہیں لیکن کانگریس کے اقدام سے کئی گوشوں کا ماننا ہے کہ لنگایت ووٹ تقسیم ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی کے وزرات اعلیٰ امیدوار یدی یورپا کا تعلق لنگایت کمیٹی سے ہی ہے ۔ مودی نے استفسار کیا کہ مجھے کوئی ایک وزیر کانام بتائیے جسے کرپشن کے الزامات کا سامنا نہیں ہے ۔ مودی نے یہ بات ایک روز بعد کہی ہے جبکہ سدارامیا نے وزیراعظم اور بی جے پی سربراہ امیت شاہ کو قانونی نوٹسیں بھیجتے ہوئے دیوانی اور فوجداری ہتک عزت مقدمات اُن کے خلاف دائر کرنے کی دھمکی دی ہے کیونکہ دونوں نے اُن (سدّارامیا) کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔ مودی نے دعویٰ کردیا کہ اب تو سینئر کانگریس قائدین کرناٹک میں پارٹی کو جیت دلانے کے معاملے میں راہول گاندھی کی قابلیت پر اعتماد کھوچکے ہیں۔ مودی نے کہاکہ کئی کانگریس قائدین کو یہ احساس ہونے لگا کہ یہ سپوت کرناٹک میں پارٹی کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہوپائیگا۔ لہذا ماں کو بھیجا جائے تاکہ پارٹی کے امیدواروں کا اپنا سکیورٹی ڈپازٹ بچانا یقینی ہوجائے ۔ سونیا گاندھی کرناٹک میں انتخابی مہم شروع کررہی ہے چنانچہ بی جے پی اُن کیخلاف اطالوی نژاد کا مسئلہ بھی پھر سے اُٹھارہی ہے ۔ زیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے آقاوں نے کرناٹک میں یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے ہار کا بہانہ تلاش کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں اور وہ ای وی ایم کو قصوروار ٹھہرانے کے لئے ابھی سے منصوبہ بنارہے ہیں۔