راہول گاندھی وندے ماترم کی بھی بے حرمتی کررہے ہیں۔ گلبرگہ میں انتخابی جلسہ سے وزیراعظم کا خطاب
گلبرگہ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے گلبرگہ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے قوم پرستی کا کارڈ استعمال کیا اور کانگریس پر الزام عائد کیاکہ وہ ’’قومی ہیروز‘‘ اور ہندوستانی فوج کی توہین کررہی ہے۔ کانگریس سرحد پار کی سرجیکل کارروائی کی سچائی کا سوال اُٹھارہی ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے قومی گیت ’’وندے ماترم‘‘ کی بھی بے حرمتی کی ہے۔ قومی ہیروز کی قربانیوں کو فراموش کردینا افسوسناک ہے۔ تاریخ کا حصہ بننے والے ان حب الوطنوں کو نظرانداز کرتے رہنا کانگریس میں اس خاندان کی فطرت کا حصہ ہے۔ نہرو اور وی کے کرشنا مینن نے جنرل (کے ایس) تھمیا کی توہین کی تھی جنھوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان لوگوں نے جنرل کے ایم کریپا کو بھی نظرانداز کردیا تھا۔ یہ دونوں فوج کے مایہ ناز سپوت تھے جن کا آبائی مقام کرناٹک تھا۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آزاد ہند کے پہلے وزیرداخلہ نے حیدرآباد کے نظام کو ملک سے وابستگی کے لئے مجبور کردیا تھا جن کی حکمرانی والے علاقوں میں گلبرگہ بھی شامل تھا لیکن کانگریس میں ایک خاندان ایسا ہے سردار پٹیل کا نام جب بھی آتا ہے تو اس کی نیند اُڑ جاتی ہے۔ گلبرگہ کے رائے دہندوں کے سامنے حب الوطنی کے جذبات کے ساتھ اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے سرحد پار خطہ قبضہ سے کی گئی سرجیکل کارروائی کا ذکر کیا اور دعویٰ کیاکہ کانگریس اس کارروائی کی سچائی پر اُنگلیاں اُٹھاتی ہے۔ اس کا یہ سوال ہندوستانی فوج کی توہین ہے۔
کانگریس اس سرجیکل حملے کی حقیقت کا ثبوت مانگ رہی ہے اور پاکستانی سپاہیوں کی نعشوں کو ٹرک میں بھر کر لائے جانے کا بھی ثبوت چاہتی ہے۔ کیا ایسی کارروائیاں کیمرہ کے ساتھ انجام دی جاتی ہیں یا بندوق کے ساتھ کی جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے کرناٹک کے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں کیوں کہ ان کی حکومت نے کسانوں کے اجناس کو بڑے پیمانہ پر حاصل کیا ہے۔ کانگریس کے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہ وہ دلتوں کے کاز کی چمپئن ہے مودی نے کرناٹک کے ضلع بیدر میں ایک دلت لڑکی پر کئے گئے ’’مظالم‘‘ کا حوالہ دیا اور کہاکہ اس دلت لڑکی کے ساتھ ریاست کی حکمراں پارٹی نے انصاف نہیں کیا اور نہ ہی کینڈل لائیٹ احتجاج کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کلبرگی ،کرناٹک کے دال کی کھلیہان ہے جہاں دال کی سب سے زائد پیداوار ہوتی ہے ۔یہاں کے کسانوں کی محنت سے ہندوستان بھرمیں تور کی دال ایک برانڈ نام بن گیا ہے ۔ ترقی کے پیمانوں پر ملک کے عام آدمی کو پہنچانے کی ضرورت ہے ۔اسی کام کے لئے بی جے پی عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے موقع پر کانگریس نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ملک ارجن کھرگے کو وزیراعلی بنائے گی ۔کانگریس نے دلت طبقہ کو گمراہ کیا ہے ۔اس طرح کی سیاست کانگریس کرتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ محفوظ کرناٹک کے لئے موجودہ حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے یدی یورپا کی قیادت میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔