بی جے پی ان انتشار پند طاقتوں کو کامیاب ہونے نہیں دے گی:مرکزی وزیر کا خطاب
بوکاجان (آسام) 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے کانگریس پر الزام عائد کیاکہ وہ قوم دشمن عناصر کی سرپرستی کررہی ہے۔ جو لوگ ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں، کانگریس کے لیڈرس ان کی پشت پناہی کررہے ہیں اور سکیوریٹی جوانوں کی قربانیوں کو فراموش کیا جارہا ہے۔ کانگریس کوئی قدم اٹھانے سے قبل مکرر غور نہیں کرتی۔ جن لوگوں نے قوم کی تباہی کے نعرے لگائے تھے ان کا ساتھ دیا ہے۔ اس ملک کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں کی قربانیوں کو بھلادیا جارہا ہے۔ یہ سکیوریٹی کے جوان اپنی جان پر کھیل کر سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہی سارا ملک محفوظ ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ بی جے پی ایسے چند لوگوں کو انتشار پسندانہ سرگرمیوں میں کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ بی جے پی ملک کے اتحاد کو توڑنے کی کوشش کو ناکام بنائے گی۔ سمرتی ایرانی نے یہاں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آسام کے عوام کو بی جے پی سے محبت ہے اور یہ لوگ بی جے پی کو اقتدار پر لانے کے لئے ووٹ دیں گے تاکہ اس ملک کو محفوظ اور خوشحال متحد بنایا جاسکے۔ شمال مشرق میں خواتین کے موقف کے بارے میں انھوں نے کہا ہے کہ کانگریس دور حکومت میں ایک لڑکی کو گوہاٹی کی سڑکوں پر گھسیٹا گیا تھا۔ انھیں جولائی 2012 ء کو رونما ہوئے اس واقعہ نے بے حد مضطرب کردیا ہے۔ اس نوجوان لڑکی کو برسرعام ہراساں کیا گیا تھا، جنسی زیادتی کی گئی۔ آسام کی روایت کو کانگریس کے دور حکومت میں ملیا ملیٹ کردیا گیا ہے۔ سمرتی ایرانی نے کہاکہ کانگریس حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔