کانگریس پر تلنگانہ کے خلاف کام کرنے کا الزام

راجیہ سبھا میں آندھراپردیش کی تائید ، تلنگانہ سے ناانصافی: رکن کونسل کے پربھاکر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہی ہے ۔ پارلیمنٹ میں تنظیم جدید قانون پر مباحث کے دوران کسی بھی کانگریسی قائد نے تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا مطالبہ نہیں کیا۔ برخلاف اس کے کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش کے حق میں بات کی۔ آندھراپردیش سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا گیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس رکن کونسل کے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں اقتدار کے امکانات کو موہوم دیکھتے ہوئے کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے خلاف سازش تیار کی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ وہ ہائی کمان کے مخالف تلنگانہ موقف پر خاموش کیوں ہے؟ تنظیم جدید قانون میں دونوں ریاستوں کے ساتھ مختلف وعدے کئے گئے۔ ٹی آر ایس نے ہمیشہ آندھراپردیش کی ترقی کی حمایت کی لیکن افسوس کانگریس قائدین نے پارلیمنٹ اور ورکنگ کمیٹی میں صرف آندھراپردیش کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد نے پارلیمنٹ میں خود کو آندھرا کا حمایتی ثابت کردیا ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں کانگریس پارٹی اہم رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی آندھرا قائدین کے ’’کوورٹ‘‘ کی طرح کام کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں رہ کر وہ آندھرا کی تائید کر رہے ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں دونوں ریاستوں کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ان پر عمل آوری کی جانی چاہئے ۔ ٹی آر ایس ریاست کی ترقی کے لئے جدوجہد کر رہی ہے لیکن کانگریس قدم قدم پر رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ پربھاکر نے کہاکہ ایسے وقت جبکہ ملک بھر میں کانگریس کو عوام نے مسترد کردیا ، تلنگانہ عوام نے اندرا گاندھی کو منتخب کیا تھا ۔ کم از کم اس بنیاد پر کانگریس کو تلنگانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ وہ ہائی کمان کے موقف پر وضاحت کریں۔ پربھاکرنے سوریا پیٹ میں اتم کمار ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف کئے گئے ریمارکس کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرائی قائدین کا ساتھ دینے والے تلنگانہ قائدین آج عوام سے زبانی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ کے خلاف ویلن نمبر ایک ہے جبکہ تلگو دیشم ویلن نمبر 2 کی طرح ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں تلنگانہ کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کے خلاف کانگریس قائدین کے الزامات کو مسترد کردیا۔