کانگریس ‘ پرانے شہر میں کامیابی کیلئے مقابلہ کریگی

نامپلی سے فیروز خان امیدوار : اتم کمار ریڈی کا اعلان

حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے اسمبلی حلقہ نامپلی سے فیروز خان کو کانگریس امیدوار بنانے کا اعلان کیا اور واضح کردیا کہ کانگریس آئندہ مجلس سے اتحاد یا مفاہمت نہیں کریگی بلکہ پرانے شہر میں پارٹی کو کامیاب بنانے طاقتور امیدواروں کو میدان میں اُتارے گی۔ گاندھی بھون میں حیدرآباد اسمبلی حلقوں کے رابطہ کاروں کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکریٹری اے آئی سی سی سلیم احمد، صدر حیدرآباد سٹی کانگریس انجن کمار یادو ، ترجمان پردیش کانگریس سید نظام الدین، خیریت آباد حلقہ انچارج عامر جاوید کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ کانگریس جو وعدے کریگی، ان کو پورا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے گریٹر حیدرآباد کیلئے خصوصی انتخابی پلان تیار کیا ہے۔ سیٹلرس کو جہاں ٹکٹ دیا جائے گا، وہیں پرانے شہر کیلئے الگ حکمت عملی ہوگی ۔ کانگریس اس مرتبہ پرانے شہر میں کامیابی حاصل کرنے مقابلہ کریگی۔اُتم کمار نے کہا کہ جب فیروز خان نے دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی ‘ اسی وقت صدر کانگریس نے فیروز خاں کو نامپلی سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ کانگریس میں شمولیت کے بعد فیروز خاں حلقہ نامپلی میں کانگریس کو مستحکم بنانے جٹ گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں حلقہ نامپلی پر کانگریس کا دوبارہ قبضہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کانگریس کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے درمیان پہونچیں ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں اور انہیں حل کرانے ارباب مجاز پر دباؤ ڈالیں ۔ کانگریس ‘تلنگانہ میں انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے۔