کانگریس پارٹی کی یوم تاسیس تقریب ، چیف منسٹر غیرحاضر

حیدرآباد۔/28ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کی شدت سے مخالفت کرنے والے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی آج اُس وقت ایک نئے تنازعہ میں گھر گئے جب انہوں نے حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ پارٹی کی جانب سے گاندھی بھون میں کانگریس کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں صدر پردیش کانگریس کے علاوہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی شرکت کا اعلان کیا گیا تھا لیکن لمحہ آخر میں چیف منسٹر اس پروگرام سے غیر حاضر رہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ جس وقت گاندھی بھون میں پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب جاری تھی اس وقت کرن کمار ریڈی جوبلی ہلز کلب میں مرکزی وزیر پورندیشوری کے شوہر ڈی وینکٹیشور راؤ کی کتاب کی رسم اجراء تقریب میں شریک تھے۔ وینکٹیشور راؤ کی جانب سے لکھی گئی اس چوتھی کتاب کی رسم اجراء چیف منسٹر نے انجام دی لیکن وہ گاندھی بھون نہیں آئے۔اگرچہ ان کے حامیوں نے ان کی غیر حاضری کو دیگر مصروفیات کا سبب بتایا تاہم تلنگانہ قائدین نے پارٹی کے یوم تاسیس تقریب میں عدم شرکت پر سخت تنقید کی ہے۔

پارٹی کی یوم تاسیس تقریب سے ریاست کے چیف منسٹر کا غیر حاضر رہنا ان کی ناراضگی کو ظاہر کرتا ہے۔ گاندھی بھون کی تقریب سے کرن کمار ریڈی کی دوری کو بعض قائدین سمکھیا آندھرا کے نعرہ کے تحت نئی پارٹی کے قیام کی تیاریوں سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگرچہ چیف منسٹر نے ابھی تک علحدہ پارٹی کے قیام کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا تاہم ان کے قریبی ذرائع نئی پارٹی کے قیام کے بارے میں ابھی بھی پُرامید ہیں۔ واضح رہے کہ کرن کمار ریڈی کل کانگریس ہائی کمان کی جانب سے طلب کردہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس کے اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی گئے تھے۔ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے یہ اجلاس طلب کیا تھا۔ راہول گاندھی سے ملاقات کے دوران بھی کرن کمار ریڈی نے ریاست کی تقسیم کی مخالفت کی اور اسے دونوں ریاستوں کے عوام کیلئے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے واضح کیا کہ اس مرحلہ پر پارٹی تقسیم کے فیصلہ کو واپس نہیں لے گی کیونکہ یہ معاملہ کافی آگے بڑھ چکا ہے۔ ہائی کمان کے اس دوٹوک جواب سے ناراض کرن کمار ریڈی نے راہول گاندھی کی پریس کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کی جبکہ دوسرے کانگریسی چیف منسٹر موجود تھے۔

اتنا ہی نہیں چیف منسٹر پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کئے بغیر ہی حیدرآباد واپس ہوگئے۔ پارٹی کے یوم تاسیس میں آج ان کی عدم شرکت کو کل سے جاری ناراضگی کا حصہ کہا جارہا ہے۔ گاندھی بھون کے ذرائع نے کہا کہ تلنگانہ حامیوں کی جانب سے کسی امکانی احتجاج سے بچنے کیلئے چیف منسٹر اس تقریب سے دور رہے تاہم ان کے مخالفین اس دلیل کو ماننے تیار نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر حیدرآباد میں سرکاری تقاریب میں تو شرکت کررہے ہیں لیکن پارٹی کی اہم تقریب کو انہوں نے جان بوجھ کر نظرانداز کردیا۔ تلنگانہ قائدین نے الزام عائد کیا کہ کرن کمار ریڈی خود کو پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں سے دور رکھے ہوئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے آنجہانی اندرا گاندھی کی یوم پیدائش تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔صدر پردیش کانگریس بوتسہ ستیہ نارائنا اور پارٹی کے دیگر سینئر قائدین نے یوم تاسیس تقریب میں شرکت کی جبکہ چیف منسٹر جس تقریب میں شریک ہوئے وہاں سی پی ایم، سی پی آئی، ٹی آر ایس اور دیگر جماعتوں کے قائدین موجود تھے۔