تلنگانہ صدر بی سی سی کے انتخاب پر ناراضگی، سونیا اور راہول سے ملاقات کے بعد جانا ریڈی کا بیان
حیدرآباد /13 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق ریاستی وزیر کے جانا ریڈی نے تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی تشکیل پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند لوگ دہلی میں کمانڈر ہیں، جب کہ وہ عوامی کمانڈر ہیں۔ ہم اسٹار ہوٹل میں قیام نہیں کرتے اور نہ ہی پیروی کرنا ہماری عادت ہے۔ وہ کسی کی صدارت کے لئے نہیں، بلکہ کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لئے کام کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے جانا ریڈی کو کانگریس ہائی کمان نے حالیہ تشکیل دی گئی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ، الیکشن کمیٹی، انتخابی مہم کمیٹی اور منشور کمیٹی میں نظرانداز کردیا، جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں۔ کل ڈگ وجے سنگھ نے انھیں دہلی طلب کرکے پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کروائی، تاہم آج صبح نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جانا ریڈی نے کہا کہ انھوں نے تلنگانہ کی سیاسی صورت حال سے پارٹی صدر اور نائب صدر کو واقف کرایا، جس سے وہ مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا ہے،
لیکن پی لکشمیا کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیوں بنایا گیا، وہ اس سے لاعلم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس انتخاب سے وہ ناراض نہیں ہیں، بلکہ پی لکشمیا اور اتم کمار ریڈی کو مبارکباد دیتے ہیں، تاہم وہ کسی شخصیت کے لئے نہیں بلکہ صرف پارٹی کے لئے کام کریں گے اور کانگریس کو اقتدار میں لانا ان کا نصب العین ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے عہدوں کے لئے کبھی دوڑ دھوپ نہیں کی۔ کانگریس ہائی کمان کے فیصلہ سے وہ ناراض نہیں ہیں اور نہ ہی عہدوں کے لالچی ہیں۔ وہ ہائی کمان کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے کسی کے خلاف نہیں، بلکہ پارٹی کے استحکام کے لئے کام کریں گے۔