کانگریس پارٹی میں اختلافات پھر ایکبار منظر عام پر

ناگم جناردھن ریڈی کی بی جے پی سے کانگریس میں شمولیت پر دامودھر ریڈی کا سخت اعتراض
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس پارٹی میں اختلافات پھر ایکبار ابھر کر منظر عام پر آگئے ۔ بی جے پی کے قائد ناگم جناردھن ریڈی کی کانگریس میں شمولیت پر کانگریس کے سینئیر قائد و رکن قانون ساز کونسل کے دامودھر ریڈی نے سخت اعتراض کیا ہے ۔ انہیں ٹکٹ دینے پر شکست دینے کا انتباہ دیتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی پر جانبدارانہ رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے دامودھر ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر یکطرفہ فیصلے کرتے ہوئے پارٹی کو نقصان پہونچانے کا الزام عائد کیا ۔ اتم کمار ریڈی پر اپنے حامی اور مخالف گروپس سے جداگانہ رویہ اپناتے ہوئے پارٹی کیڈر کو مایوس کرنے کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائد ناگم جناردھن ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کے تعلق سے انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی ان سے کوئی مشاورت کی گئی ۔ ناگم جناردھن ریڈی کو کانگریس میں شامل کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بہت بڑی غلطی کی ہے ۔ گروپ بندیوں کو فروغ دینے سے پارٹی کو بجائے فائدے کے نقصان ہوگا ۔ ناگر کرنول اسمبلی حلقہ میں ناگم کا کوئی اثر و رسوخ نہیں ہے ۔ طاقتور قائدین کو کمزور کرنے کے لیے سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے یہ سازش رچی ہے اور کانگریس کے رکن اسمبلی جی چناریڈی بھی اس معاملے میں برابر کے ذمہ دار ہیں ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کو گمراہ کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی کو کانگریس میں شامل کیا گیا ہے ۔ یہی جئے پال ریڈی ہے جنہوں نے راجیو گاندھی کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اے آئی سی سی سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا کی جانب سے ان کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر بھی سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر ناگم جناردھن ریڈی پارٹی کے لیے کام کرتے ہیں تو ٹھیک ہیں اگر انہیں ٹکٹ دیا جاتا ہے تو جو کرنا ہے وہی کریں گے ۔ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے ٹکٹ کا تیقن ملنے کا ناگم جناردھن ریڈی دعویٰ کررہے ہیں ۔ کوئی تیقن نہ دینے کا کنٹیا اور اتم کمار ریڈی اعلان کررے ہیں ۔ انہوں نے ٹکٹ کے مسئلہ پر وضاحت کرنے کا پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ۔ 20 سال تک ناگم جناردھن ریڈی نے ان کے خلاف کام کیا ہے ۔ وہ کانگریسی ہے کانگریس میں رہیں گے مگر ناگم کے حامیوں کی جانب سے ان کے پارٹی تبدیل کرنے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہے ۔۔