کانگریس پارٹی مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے عہد کی پابند

حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کا ادعا

حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ نریندر مودی انسانیت کے دشمن ہے ۔ کانگریس پارٹی مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ کرے گی اور ترقی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ اسمبلی حلقہ خیریت آباد سے مقابلہ کرنے والے کانگریس کے امیدوار مسٹر ڈی ناگیندر نے بتایا کہ انہوں نے خیریت آباد کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں سب سے بڑا مسئلہ مقطعہ کے غیر مجاز مکانات کو باقاعدہ بناتے ہوئے عوام کو بہت بڑی راحت فراہم کی ہے ۔ سڑکوں کے نالوں کے مسائل کو حل کرچکے ہیں ۔ انہیں عوام کی بھر پور تائید حاصل ہے ۔ ان کا حلقہ خیریت آباد میں کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ تاہم فرقہ پرست بی جے پی جو صرف زہراگلتی ہے ۔ انسانیت کے دشمن مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے کے لیے شہر کی گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر وہ اس کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیں گے اور نہ ہی حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی مدد سے بی جے پی کو کامیاب ہونے دیں گے کانگریس ہی فرقہ پرستی کا جواب دے سکتی ہے اور مودی کو وزیر اعظم بننے سے روک سکتی ہے ۔ اقلیتوں کے ایک ایک ووٹ کی قیمت ہے اگر دوسری جماعتوں کی گمراہی کا شکار ہوگئے تو راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا ۔ انہوں نے خیریت آباد کی ترقی کے لیے بہت کام کیے ہیں مزید بہت کام کرنے کے لیے شروعات کردی گئی ہے ۔ اگر عوام انہیں پھر ایکبار کامیاب بنانے پر نہ صرف حلقہ کو ترقی یافتہ بنائیں گے بلکہ شہر سے بی جے پی کا صفایا کردیں گے ۔ حیدرآباد امن اور گنگا جمنی تہذیب کا شہر ہے اقلیتوں کی ترقی کانگریس کی ذمہ داری ہے وعدے کے مطابق کانگریس نے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظ فراہم کیا 2014 نے عام انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر اقلیتوں کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔۔