رشوت کو برداشت نہ کرنے کا وعدہ مضحکہ خیز ، ہماچل پردیش میں وزیراعظم کا جلسہ عام سے خطاب
کانگرا ۔ /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر شدید تنقید کی کہ وہ رشوت کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا وعدہ کررہی ہے جبکہ خود اس کا چیف منسٹر رشوت کے الزامات کا سامنا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہماچل پردیش کی حکمراں پارٹی اب ’’مسخروں‘‘ کا گڑھ بن گئی ہے ۔ یہاں /9 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اب اس ریاست ’’دیوبھومی‘‘ یا بھگوانوں کی سرزمین کو راکھششوں سے بچانے کا وقت آگیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ اس ریاست کے چیف منسٹر ویربھدرا سنگھ اب رشوت الزامات پر ضمانت لے کر باہر آئے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ کانگریس پارٹی مسخروں کے کلب میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ خود اس پارٹی کا چیف منسٹر ضمانت پر ہے ۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر وہ کن الزامات پر ضمانت پر باہر آئے ہیں اور یہ الزامات رشوت خوری کے ہیں ۔ ان پر سنگین الزامات ہیں ۔ انہوں نے جلسہ عام میں عوام سے سوال کیا کہ آیا اس حقیقت کو تسلیم کیا جاسکتا ہے کہ ایک ایسا چیف منسٹر کانگریس کا منشور جاری کرکے رشوت پر قابو پانے کا وعدہ کرے جو خود رشوت کے الزامات کا سامنا کررہا ہے ۔ ہمچال پردیش کا ایک چھوٹا بچہ بھی ان کی باتوں میں نہیں آئے گا ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو نشانہ بنایا کہ اس سال کے اوائیل میں ڈوکلم تعطل کے دوران چین کے سفیر سے ملاقات کی تھی ۔ مودی نے کہا کہ یہ لیڈر جن کے والد ، دادی اور دادی کے والد ہندوستان کے وزیراعظم تھے ایک حکمراں خاندان میں پیدا ہوئے اور پرورش پائی ۔ اب وہ اس طرح کی توہین آمیز حرکتیں کررہے ہیں ۔
کیا یہ توہین نہیں ہے کہ وہ ایک منتخب حکومت سے بات کرنے کے بجائے ڈوکلم پر چین کے قائدین کے ساتھ بات کررہے ہیں ۔ کانگریس پر اپنی تنقیدوں کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مہاتما گاندھی کی کانگریس نہیں ہے یا مجاہدین آزادی کی کانگریس نہیں ہے بلکہ یہ پارٹی رشوت اور خاندانی حکمرانی کی سیاست سے بھری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی سڑی ہوئی سوچ کا نمونہ ہے ، ہم جب کانگریس مکت بھارت کہتے ہیں ، ہم اس سڑی ہوئی سوچ سے مکت بھارت چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے راہول گاندھی کو قومی سلامتی مسئلہ پر مرکز کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہماچل پردیش میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے اور منشور جاری کرتے ہوئے رشوت کا خاتمہ کرنے کا عہد کررہی ہے جبکہ اس کے قائدین خود رشوت خوری میں ملوث ہونے کی پاداش میں مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں ۔
مودی کا دورہ اکشرادھام مندر
احمدآباد ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی آج گاندھی نگر کے اکشرادھام مندر پہنچیں تاکہ اس کے قیام کی 25 ویں سالگرہ تقریب میں شرکت کرسکیں۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر سوامی نارائن سنستھا کے صدر پرمکھ سوامی جی مہاراج کو یاد کیا اور کہا کہ وہ ان سے قریبی تبادلہ خیال کیا کرتے تھے۔ ان کی رہنمائی مودی کے لئے قابل قدر اور آشیرواد تھی۔