سیاسی دل بدلی کا قائل نہیں ہوں ، سابق ایم پی و وزیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : سینئیر کانگریس قائد و سابق ایم پی اور وزیر متحدہ ریاست آندھرا پردیش مسٹر کے باپی راجو نے واضح طور پر کہا کہ وہ کانگریس پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں کیوں کہ وہ اپنے سیاسی مفادات کے لیے سیاسی دل بدلی کے قائل نہیں ہیں ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پر زور الفاظ میں کہا کہ مجھے کانگریس پارٹی نے ہی سیاسی شناخت دی ہے۔ لہذا کسی بھی صورت میں وہ کانگریس پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے کا ہرگز سوال ہی پیدا نہیں ہوگا بلکہ آئندہ انتخابات میں پارٹی ہائی کمان اگر ٹکٹ دیتی ہے تو انتخابات میں حصہ لے کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سیاسی زندگی کانگریس پارٹی سے ختم ہوگی ۔ مسٹر کے باپی راجو کانگریس پارٹی حلقوں میں فی البدی جواب دینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں بتایا کہ کانگریس پارٹی اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے اور سیاست میں کانگریس پارٹی نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھی ہے اور فی الوقت کانگریس پارٹی کی موجودہ پائی جانے والی صورتحال بالکلیہ عارضی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں مسٹر راہول گاندھی کی قیادت میں دوبارہ کانگریس پارٹی کا سابقہ موقف بہر صورت آئے گا ۔ مسٹر باپی راجو نے اس یقین کے ساتھ کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے پر مسٹر راہول گاندھی اپنی پہلی دستخط ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے سے متعلق فائل پر ہی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔۔