حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی و رکن قانون ساز کونسل مسٹر ڈی سرینواس نے دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد دونوں ایوانوں میں تلنگانہ کا بل منظور ہونے کی توقع کا اظہار کیا ۔ سرحدوں میں تقسیم ہو کر بھائی بھائی کی طرح مل کر رہنے میں تعاون کرنے کی سیما آندھرا قائدین سے اپیل کی ۔ دہلی میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کے معاملے میں عہدکی پابند ہے ۔ صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے تلنگانہ بل پر دستخط کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ کا بل منظور ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی سیما آندھرا سے کبھی کوئی نا انصافی نہیں کرے گی بلکہ پورا پورا انصاف کیا جائے گا ۔ جائز مطالبات کی یکسوئی کے لیے ہم بھی مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔
سیما آندھرا کے قائدین سی ڈبلیو سی ، سونیا گاندھی اور صدر جمہوریہ کے فیصلوں کا احترام کریں ۔ احتجاجی رخ سے دستبردار ہوجائیں ۔ اپنے مسائل کی یکسوئی کے لیے پارلیمنٹ کے مباحث میں حصہ لیں اور ضرورت پڑی تو ترمیمات کے لیے نوٹس پیش کریں ۔ تلنگانہ کے عوام علحدہ تلنگانہ ریاست چاہتے ہیں ریاست کی تقسیم یقینی ہوگئی ہے ایسے موقع پر بھی ساتھ مل کر رہنے کی ضد کرنا درست نہیں ہے ۔ دونوں میں کڑواہٹ پیدا ہونے اور حالات کشیدہ ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم میں تعاون کریں ۔ انہوں نے تلنگانہ کی تائید کرنے والی تمام جماعتوں سے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری میں تعاون کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرنے پر زور دیا ۔ مسٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ عوام ذہنی طور پر تقسیم ہوچکے ہیں صرف سرحدوں کی تقسیم باقی ہے ۔ تلنگانہ بل پر دستخط کرنے پر صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کیا ۔۔