اتحادی جماعتوں سے نشستوں کی تقسیم پر اتفاق رائے کے بعد ہی امیدواروں کا اعلان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس ٹکٹ کے لیے 1076 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ کامیاب ہونے والے طاقتور امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے گا ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ درخواستیں قبول کرنے کے آخری دن 21 ستمبر تک پارٹی کو جملہ 1076 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس کی آج سے جانچ پڑتال شروع ہوگئی ہے ۔ درخواست گذاروں کے بارے میں دو سروے کرائے جائیں گے ۔ درخواست گذار کی پارٹی خدمات ، عوامی رابطہ اور دوسرے امور پر غور کرتے ہوئے ہر اسمبلی حلقہ سے تین ناموں کو اسکریننگ کمیٹی کو روانہ کیا جائے گا جس کا فیصلہ قطعی ہوگا ۔ اہم قائدین کو ٹکٹ دینے کی فہرست تیار ہونے کی قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی عظیم اتحاد تشکیل دے رہی ہے ۔ تلگو دیشم ، تلنگانہ جنا سمیتی نے عظیم اتحاد تشکیل دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور نشستوں کی تقسیم میں اتفاق پیدا ہوجانے کے بعد ہی کانگریس امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا ۔ اتحادی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے دور جاری ہیں اور اس کی مثبت پیشرفت ہورہی ہے ۔ بہت جلد مذاکرات اور نشستوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔