کانگریس ورکرس پر لاٹھی چارج کی مذمت

بھوپال ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایم پی سی سی کے نئے صدر ارون یادو نے آج یوتھ کانگریس ورکرس پر پولیس لاٹھی چارج کے واقعہ کی شدید مذمت کی جبکہ ورکرس ریاستی وزیر داخلہ بابو لال گوڑ کی رہائش گاہ کے روبرو پرامن طور پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے ۔ یہاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس یوتھ ورکرس پر طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2003 ء سے ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے اور یہ دور محتلف اسکامس سے رقم ہے جس میں مدھیہ پردیش پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ (MPPEB) اسکام سب سے بڑا ہے

جس نے ہزاروں نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کردیا اور کانگریس ورکرس نے کل جو احتجاجی مظاہرہ کیا وہ ان ہی نوجوانوں کے مصائب کی عکاسی ہے ۔ یادو نے مطالبہ کیا کہ MPPEB اسکام کا سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائے۔ نوجوانوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے ذریعہ ان کی انصاف کا مطالبہ کرنے والی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ یاد رہے کہ تقریباً 500 کانگریسی ورکرس نے کل رکاوٹیں توڑ کر باپو لال گوڑ کی رہائش گاہ میںداخل ہونے کی کوشش کی تھی جنہیں منتشر کرنے کیلئے پو لیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا جس میں کئی ورکرس زخمی ہوگئے جبکہ ایک پولیس آفیسر کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔