کانگریس واحد سیکولر جماعت، پورندیشوری موقع پرست

امرتیا رائے سے تعلقات شخصی معاملہ، ڈگ وجے سنگھ کا بیان

حیدرآباد /2 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے وجے واڑہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس واحد سیکولر جماعت ہے۔ انھوں نے سابق مرکزی وزیر پورندیشوری پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ موقع پرست اور ناقابل بھروسہ ہیں، کیونکہ کانگریس میں عہدہ حاصل کرنے کے بعد کانگریس سے مستعفی ہو گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سیما۔ آندھرا کی اراضیات کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ لوک سبھا میں تلنگانہ بل کی منظوری کے موقع پر ٹیلی کاسٹ روکنے کے الزام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی خرابی کے باعث راست ٹیلی کاسٹ نہیں ہوسکا، جس کی وضاحت لوک سبھا سکریٹری نے دوسرے دن کردی تھی۔ انھوں نے نریندر مودی کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے سوشیل میڈیا پر کانگریس کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں سیکولرازم اور سوشلزم کا دوسرا نام نہرو گاندھی خاندان ہے۔ انھوں نے نریندر مودی پر جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سیکولرازم کے استحکام کے لئے عوام کانگریس کو ہی ووٹ دیں گے۔ ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد حیدرآباد میں ریئل اسٹیٹ کاروبار زوال پزیر ہے، جب کہ سیما۔ آندھرا میں اراضیات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اینکر امرتیا رائے سے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کو ٹالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ان کا شخصی معاملہ ہے، لہذا اس پر بار بار ردعمل ظاہر کرنا مناسب نہیں ہے۔