کانگریس نے کسانوںکو لالی پاپ تھمادیا

قرض معافی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ وزیر اعظم مودی کا خطاب
غازی پور ( یو پی ) 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ قرض معافی پر کسانوںکو گمراہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومتوں نے قرض معاف کرنے کا وعدہ کرکے کسانوں کو لالی پاپ تھما دیا ہے ۔ نریندر مودی یہاں ایک میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھنے اور کنگ سہلدیو کا یادگاری پوسٹل اسٹامپ جاری کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کانگریس سے ہوشیار رہیں۔ وہ دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس نے لاکھوں کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کرناٹک میں جنتادل ایس۔ کانگریس اتحاد نے اقتدار ملنے کے بعد قرض معاف کرنے کا کام نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لالی پاپ کسانوں کو تھمائے جا رہے ہیں۔ قرض جو معاف کیا گیا وہ صرف 800 کسانوں کا ہی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ لالی پاپ کمپنی ( کانگریس ) 2009 لوک سبھا انتخابات سے قبل وعدے کرکے فراموش کرچکی تھی ۔ بی جے پی کی جانب سے اسطرح کے الزامات مسلسل عائد کئے جاتے رہے ہیں لیکن کانگریس ان الزامات کی لگاتار تردید کرتی رہی ہے ۔