کانگریس نے مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کیا

ممبئی ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے آج مہاراشٹرا میں سب اربن ٹرین میں سفر کے ساتھ لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ ان کے سفر کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور مسافرین نے تکلیف کی شکایت کی۔ عام آدمی پارٹی کارکنوں پر ریلوے اسٹیشن کی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا کیونکہ چرچ گیٹ اسٹیشن پر جہاں اروند کجریوال ٹرین کے ذریعہ پہنچے، افراتفری کی وجہ سے میٹل ڈیٹکٹر کو نقصان پہنچا۔ وہ اندھیری سے چرچ گیٹ اسٹیشن پہنچے جہاں عام آدمی پارٹی کارکنوں نے ان کا زبردست خیرمقدم کیا۔ اروند کجریوال نے اس سے پہلے آٹو رکشا میں سفر کیا۔ سابق چیف منسٹر دہلی نے ایرپورٹ سے باہر نکلتے ہی دیگر دو سینئر پارٹی لیڈرس کے ساتھ آٹو رکشہ میں سوار ہوئے۔

پولیس عملہ کی کثیر تعداد، میڈیا اور پارٹی کارکن آٹورکشہ کے پیچھے چلنے لگے اور تقریباً 5 کیلو میٹر کا فاصلہ انہوں نے اسی طرح طئے کیا اور اندھیری پہنچے۔ یہاں سے عام آدمی پارٹی سربراہ ٹرین کے ذریعہ چرچ گیٹ گئے۔ ایک طرف عام آدمی پارٹی کارکنوں کا ہجوم ان کا خیرمقدم کررہا تھا تو دوسری طرف ایک گروپ نے سیاہ پرچموں کے ساتھ مظاہرہ بھی کیا۔ اروند کجریوال نے کہا کہ کانگریس نے مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ اسی طرح بی جے پی بھی ہندوؤں کی خاطر کچھ کام کرنے سے قاصر رہی ہے۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے ہندوؤں کیلئے کچھ نہیں اور کانگریس نے بھی مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ عام آدمی سربراہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جاکر عوام سے جھاڑو کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کریں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے حق میں کوئی لہر نہیں ہے۔ کجریوال نے کہا کہ سارے ملک میں انہوں نے کہیں بھی مودی کیلئے کوئی لہر نہیں دیکھی۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی لیڈر نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہول گاندھی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے راہول گاندھی، سونیا گاندھی، نریندر مودی، کپل سبل، نتن گڈکری اور یدی یورپا کو شکست دینے کا ذہن بنالیا ہے۔ بعدازاں اروند کجریوال میدھاپاٹکر کیلئے مہم چلانے منکھورد سلم علاقہ روانہ ہوئے۔ اروند کجریوال نے ناگپاڑا علاقہ میں ممبئی روڈ شو کے دوران عوام سے خطاب بھی کیا۔

کجریوال کا آٹو میں سفر،ڈرائیور کو جرمانہ
پولیس نے اس آٹو رکشہ ڈرائیور کو جرمانہ کیا جس نے عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال کو ایرپورٹ سے سب اربن اندھیری ریلوے اسٹیشن پہنچایا تھا۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس قیصر خالد نے بتایا کہ آٹو میں 3 سے زائد مسافرین کوسوار کرنے کی بناء ڈرائیور کو جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی ہے اور ہم نے قانون کے مطابق کوتاہی برتنے والے ڈرائیور کو جرمانہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ان آٹو ڈرائیورس کو بھی جرمانے کئے جو کجریوال کے قافلے کا حصہ تھے۔