کانگریس نے رنگا ریڈی ضلع کے کونسل امیدوار کو تبدیل کردیا

سابق رکن اسمبلی ، پرتاپ ریڈی کو ٹکٹ ، امیدواروں کی تائید کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو اتم کمار ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) مجالس مقامی کی کونسل کی تین نشستوں کیلئے کانگریس نے اپنے تین امیدواروں کا کل اعلان کیا تھا لیکن آج لمحہ آخر میں رنگا ریڈی ضلع کے امیدوار کو تبدیل کردیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے یہ اعلان کیا کہ اور کہا کہ ضلع رنگا ریڈی کے امیدوار سابق رکن اسمبلی کے پرتاپ ریڈی ہوں گے ۔ کل پارٹی نے اودے موہن ریڈی کے نام کا اعلان کیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے پرتاپ ریڈی کو بی فارم حوالہ کیا ۔ 2004 ء انتخابات میں پرتاپ ریڈی ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات سے قبل انہوں نے سونیا گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ دیگر دو امیدواروں میں نلگنڈہ سے شریمتی کومٹ ریڈی لکشمی اور ورنگل سے ای وینکٹ رام ریڈی شامل ہیں۔ اسی دوران اتم کمار ریڈی نے مجالس مقامی کی کونسل کی نشستوں پر کانگریس کی تائید کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ایم ایل سی نشستوں کیلئے تائید کی اپیل کرتے ہوئے جن قائدین کو مکتوب روانہ کیا گیا، ان میں صدر تلگو دیشم ایل رمنا ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم اور تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام شامل ہیں۔