کانگریس نے حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنایا : پنالہ لکشمیا

حیدرآباد۔ 30 نومبر (این ایس ایس) شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے ضمن میں پہل پیشرو کانگریس حکومت نے کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر پنالہ لکشمیا نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت میں ہی شمس آباد ایرپورٹ، میٹرو ٹرین، اوٹر رنگ روڈ اور دیگر کئی ترقیاتی پروگرامس شروع کئے گئے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے میٹرو ریل پراجیکٹ میں رکاوٹیں کھڑی کی تھیں اور تلنگانہ کے چیف منسٹر بننے کے بعد انہوں نے ان کاموں میں تاخیر کی جس کی وجہ سے قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کے سی آر سے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔

ٹی آر ایس حکومت سے عوام نالاں
بی جے پی واحد متبادل : ڈاکٹر لکشمن
حیدرآباد۔ 30 نومبر (این ایس ایس) ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کے غیرجمہوری اقدامات ، خاندانی اقتدار اور کرپشن سے عوام تنگ آچکے ہیں۔ سوریہ پیٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ریاست میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کیلئے بی جے پی اور بی جے وائی ایم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حکمراں ٹی آر ایس کا متبادل صرف بی جے پی ہے۔