کانگریس میں غیر قانونی مہاجرین کی شناخت کی ہمت نہیں

سپریم کورٹ کی نگرانی میں عمل ، 1985 ء میں معاہدہ پر دستخط ، راجیہ سبھا میں امیت شاہ کا بیان

نئی دہلی 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ماضی کی یو پی اے حکومتوں کی آج سخت مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ آسام میں غیر قانونی مہاجرین کی شناخت و نشاندہی کی کانگریس میں ہمت نہیں ہے۔ حالانکہ یہ عمل 1985 ء میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی دستخط سے کئے گئے معاہدہ کا ایک حصہ ہے۔ امیت شاہ نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کانگریس آیا مشرقی ریاست میں ’غیر قانونی بنگلہ دیشیوں‘ کو تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے۔ راجیہ سبھا میں آج آسام میں شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) کے مسئلہ پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے شاہ نے کہاکہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں یہ عمل کیا جارہا ہے۔ راجیہ سبھا نے وقفہ سوالات ملتوی کرتے ہوئے اس مسئلہ پر بحث کا آغاز کیا تھا۔ لیکن کانگریس، ٹی ایم سی اور چند دیگر جماعتوں کے ارکان کے پُرشور احتجاج کے سبب کچھ دیر کے لئے خلل اندازی ہوئی اور ایوان کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو نے دن بھر کے لئے کارروائی ملتوی کردیا۔ بی جے پی کے سربراہ نے دریافت کیاکہ ’’این آر سی، سپریم کورٹ کے حکم پر کیا جارہا ہے۔ 40 لاکھ افراد (کے نام فہرست سے غائب ہیں) آپ کس کو بچانا چاہتے ہیں۔ کیا آپ بنگلہ دیشیوں کو بچانا چاہتے ہیں۔امیت شاہ نے مزید کہاکہ یہ عمل دراصل غیرقانونی مہاجرین کی نشاندہی اور شناخت کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے سمجھوتے پر مبنی ہیں اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں اِس کام کو مکمل کیا گیا ہے۔