کانگریس میں ردوبدل ، ڈگ وجئے سنگھ کو انچارج کرناٹک و گوا کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا

نئی دہلی ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس پارٹی میں تبدیلیوں کا آغاز کرتے ہوئے صدر سونیا گاندھی نے سینئیر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کو پارٹی جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک و گوا امور کی حیثیت سے برطرف کردیا ۔ راہول گاندھی کے وفادار کے سی وینوگوپال کو جنوبی ریاست کرناٹک کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری اے چلا کمار کو انچارج گوا مقرر کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ کو اس ذمہ داری سے ہٹادیا گیا کیوں کہ یہاں تشکیل حکومت میں ناکامی پر انہیں تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک اور پارٹی لیڈر مدھوسدن مستری کو جنرل سکریٹری تک محدود کردیا گیا ہے حالانکہ انہیں جاریہ سال کے اواخر میں پارٹی تنظیمی انتخابات کے انعقاد کے لیے سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کارکن مقرر کیا گیا تھا ۔
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کرناٹک اور گوا پارٹی امور کی ذمہ داری نئی اے آئی سی سی ٹیموں کو تفویض کی ہے ۔ کے سی وینوگوپال کو جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک اور اے چلاکمار کو اے آئی سی سی انچارج کرناٹک مقرر کیا گیا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ وینوگوپال کیرالا میں الاپزہا سے لوک سبھا رکن اور لوک سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی وہپ ہیں ۔ انہیں راہول گاندھی کا باعتماد تصور کیا جاتا ہے ۔ جس وقت ڈگ وجئے سنگھ گوا پارٹی امور کے انچارج تھے کانگریس سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود حکومت تشکیل نہیں دے سکی اور بی جے پی نے دوبارہ یہاں اقتدار حاصل کرلیا تھا ۔ ڈگ وجئے سنگھ پر الزام ہے کہ وہ حکومت قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ۔۔